Aug ۲۲, ۲۰۱۹ ۲۰:۲۱ Asia/Tehran
  • داعشی عناصر کو یورپ منتقل کرنے کی ٹرمپ کی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران ، روس اور پاکستان سے داعش کے خلاف مہم کا مطالبہ کیا ہے ۔ انھوں نے اسی کے ساتھ کہا ہے کہ یورپی ملکوں کو امریکا کی گوانتامو جیل میں بند داعش کے یورپی اراکین کو اپنی تحویل میں لینا چاہئے ۔

دہشت گرد گروہ داعش کی تشکیل ، ٹریننگ، تقویت اور اس کو اپنی دہشت گردانہ کارروائیوں کا دائرہ وسیع تر کرنے کے وسائل و امکانات فراہم کرنے میں امریکا اور اس کے عرب نیز مغربی اتحادیوں کا کردار ناقابل انکار ہے۔

امریکا اور اس کے اتحادیوں نے شام اور عراق میں قانونی حکومتوں کو گرانے کے لئے ان ملکوں پر داعش کو مسلط کیا لیکن اپنے مقصد میں ناکام رہا ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک حالیہ تقریر میں ان ملکوں سے داعش کے خلاف مہم کا مطالبہ کیا ہے جو خود دہشت گردی کا نشانہ بنے ہیں۔

ٹرمپ نے بدھ کو اپنی ایک تقریر میں داعش کے خلاف اسلامی جمہوریہ ایران کی وسیع مجاہدت کا کوئی ذکر کئے بغیر ، ایران ، روس اور پاکستان سے مطالبہ کیا کہ داعش کے خلاف جدوجہد کریں ۔انھوں نے اسی کے ساتھ ایک بار پھر یورپی ملکوں سے کہا کہ داعش کے یورپی عناصر کو امریکا سے اپنی تحویل میں لیں ورنہ اس کے نتائج بھگتنے کے لئے تیار رہیں ۔

ٹرمپ نے کہا کہ اگر یورپی ملکوں نے ان داعشی دہشت گردوں کو اپنی تحویل میں نہ لیاجو یورپ کی شہریت رکھتے ہیں، تو مجبورا یورپی داعشیوں کو جو گوانتا نامو جیل میں بند ہیں، رہا کرکے ، جرمنی اور فرانس جیسے یورپی ملکوں میں واپس بھیج دیا جائے گا۔

ٹرمپ کی اس دھمکی سے پتہ چلتا ہے کہ امریکا ان وحشتناک کاموں کی ذمہ داری بھی جو اس نے خود انجام دیئے ہیں، بہت آ‎سانی سے حتی اپنے اتحادی ملکوں پر ڈالنے کے لئے تیار ہے۔ البتہ یورپی ملکوں نے داعش جیسے خطرناک تکفیری دہشت گرد گروہ کی تیاری اور تقویت میں امریکا کے ساتھ بھر پور تعاون کیا ہے ۔

خود امریکا کے اکثر تجزیہ نگاروں نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ امریکا نے ہی اپنے بعض یورپی اتحادیوں اور عرب حکومتوں کے تعاون سے مغرب کے مفادات کی تکمیل کے لئے، داعش کی تشکیل اور تقویت میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ امریکا ہی داعش کا بانی و حامی ہے ۔

خود ڈونلڈ ٹرمپ نے دو ہزار سولہ میں اپنی انتخابی مہم کے دوران داعش کے وجود میں آنے کا ذمہ دار اس وقت کے امریکی صدر باراک اوباما اور ان کی حکومت کو قرار دیا تھا ۔ٹرمپ نے جنوری دو ہزار سولہ میں اپنی ایک انتخابی تقریر میں کہا تھا کہ وہ یعنی باراک اوباما اور ہلیری کلنٹن جھوٹے ہیں، انہوں  نے داعش کو بنایا ہے ۔

ہلیری کلنٹن اور باراک اوباما نے داعش کو تشکیل دیا ہے اور اب ٹرمپ یہ ظاہر کررہے ہیں جیسے انھوں نے داعش کی تشکیل کے بارے میں اپنی ان تمام باتوں کو فراموش کردیا ہے -

دوسرا مسئلہ جو ٹرمپ نے اپنی حالیہ تقریر میں اٹھایا ہے ، وہ داعش کو یورپ منتقل کرنے کی دھمکی ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ اس وقت امریکا اور یورپ میں بہت سے معاملات میں سخت اختلاف ہے ۔ جیسے تجارت، جامع ایٹمی معاہدے ، نیٹو، موسم اور آب و ہوا سے متعلق معاہدے،  اسی بنا پر ٹرمپ مختلف حربوں سے کام لیکر یورپ پر دباؤ بڑھانا چاہتے ہیں ۔بنابریں اب امریکی صدر ٹرمپ داعشی دہشت گردوں کو یورپ بھیجنے کی دھمکی دے کر یورپ پر دباؤ بڑھا کے اس کو جھکانے اور اپنی بات منوانے کی کوشش کررہے ہیں ۔

 

ٹیگس