Nov ۰۴, ۲۰۱۹ ۰۷:۳۵ Asia/Tehran
  • داعش سرغنہ کوامریکہ نے بنایا اوراستعمال کرنے کے بعد ختم کردیا: روس

روس کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیم داعش کے سابق سرغنہ ابو بکر البغدادی دراصل امریکا کی ہی ایک ایجاد تھا۔

روسی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے داعش کے سرغنہ ابوبکر البغدادی کی امریکی فوج کے آپریشن میں ہلاکت پر واضح طور پر کہا کہ البغدادی امریکا کی ہی پیداوار تھا۔ امریکا نے اسے تیار کیا اور ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرکے پھینک دیا۔

اپنے انکشاف کے حقائق پر مبنی ہونے کی دلیل میں وزیر خارجہ لاوروف کا کہنا تھا کہ 2003 میں امریکا امن کا بہانہ بنا کر عراق پر قابض ہوا اور زوال پذیر ملک میں جیلوں میں قید خطرناک ترین دہشتگردوں کو رہا کیا جس کے بعد عراق میں داعش نے اپنی جڑیں مضبوط کیں اور ابوبکر البغدادی کو طاقت ور بنا دیا گیا۔

سرگئی لاوروف نے ابوبکر کی ہلاکت کی تصدیق سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ہماری وزارت دفاع نے اس حوالے سے ایک بیان جاری کیا ہے، ہم اس معاملے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے روسی فوج اضافی شواہد تلاش کر رہی ہے اور اب تک البغدادی کی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

واضح رہے کہ شام کے سرحدی علاقے میں امریکہ کے فوجی آپریشن کے دوران داعش کے سرغنہ ابوبکر البغدادی اپنے 2 بچوں اور 2 بیگمات سمیت ہلاک ہوئے تھے اور اس کی تصدیق خود امریکی صدر نے اپنے براہ راست نشر ہونے والے بیان میں کی تھی۔ جس کے بعد امریکی فوج کے چیئرمین آف جوائنٹ چیف آف اسٹاف مارک ملی نے دعوی کیا کہ داعش کے سرغنہ ابو بکر البغدادی کی لاش کو سمندر برد کر دیا گیا ہے۔

ٹیگس