Dec ۰۷, ۲۰۱۹ ۰۸:۳۱ Asia/Tehran
  • امریکی ایئر بیس فلوریڈا میں فائرنگ، 3 امریکی ہلاک

امریکی ایئر بیس فلوریڈا میں بم کی اطلاع اور 3 امریکیوں کی ہلاکت پر اس بیس کو بند کر دیا گیا ہے۔

امریکا میں نیول ایئربیس پر موجود سعودی ایئر فورس کے اہلکار نے فائرنگ کرکے تین امریکی اہلکاروں کو ہلاک اور 12 کو زخمی کردیا جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ریاست فلوریڈا کے شہر پنساکولا میں واقع نیول ایئر بیس پر موجود سعودی ایئر فورس کے اہلکار نے فائرنگ کرکے تین افراد کو ہلاک کر دیا جب کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا۔

نیول حکام کے مطابق حملہ آور سعودی شہری ہے جو امریکا اور سعودی عرب کے مشترکہ فوجی ٹریننگ پروگرام کے تحت فوجی تربیت کے لیے ’نیول ایئر اسٹیشن پنساکولا‘پر موجود تھا، ملزم نے ایک کلاس روم میں اچانک فائر کھول دیا۔ فائرنگ سے 12 اہلکار زخمی بھی ہوئے جن میں ملزم پر جوابی فائرنگ کرنے والے دو ڈپٹی شیرف بھی شامل ہیں۔

 اس حوالے سے فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک غیر ملکی شہری کے اس اقدام سے کئی سوالات جنم لیتے ہیں جس کا تعلق سعودی ایئر فورس سے ہے جو فوجی تربیت کے لیے یہاں آیا ہوا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ تین روز کے دوران امریکن نیوی پر فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ بدھ کو پرل ہاربر پر نیوی کے اہلکار نے اچانک امریکی محکمہ دفاع کے سویلین ملازمین پر گولیاں برسا کر خودکشی کرلی تھی جب  کہ فائرنگ سے دو اہلکار ہلاک ہو گئے  جبکہ ایک زخمی ہوا تھا

 

ٹیگس

کمنٹس