Nov ۱۲, ۲۰۲۰ ۱۸:۳۰ Asia/Tehran
  • تہران اور کراکس کے ساتھ تعلقات مضبوط بنائیں گے: بولیویا

بولیویا کی نئی حکومت نے پچھلی حکومت کے دور میں وینیزویلا اور ایران کے ساتھ تعلقات کو پہونچنے والے نقصانات کے ازالے کا اعلان کیا ہے۔

بولیویا کے نومنتخب صدر لوئیس آرک کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سکرے حکومت تہران اور کراکس کے ساتھ اپنے تعلقات کی تجدید کرے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر جینائن اینیز کے دور میں مخدوش ہونے والے سفارتی تعلقات کو اصل حالت میں لوٹایا جائے گا۔ بولیویا کے نومنتخب صدر نے بھی اپنے ٹوئٹ میں ایران اور وینیزویلا کے نئے سفیروں سے اسناد سفارت وصول کیے جانے کی تصاویر شیئر کیں ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ عوام کے مفاد میں دو طرفہ روابط کو اسٹریٹیجک تعاون میں تبدیل کیا جائے گا۔

صدر لوئیس آرک نے اپنے ٹوئٹ میں ایران کی حکومت اور عوام کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ، بولیویا کے عوام ہمیشہ ایرانیوں کا احترام کرتے رہیں گے۔

ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے گزشتہ اتوار کو بولیویا کے آئینی دارالحکومت سکرے میں نو منتخب صدر لوئیس آرک کے ساتھ ملاقات اور دونوں ملکوں کے دوستانہ اور بردارنہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

ٹیگس