رفح گذرگاہ تین دنوں کے لئے کھول دی جائے گی
Sep ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۷:۱۶ Asia/Tehran
مصر کی حکومت نے تین دنوں کے لئے رفح گذرگاہ کھولنے کی خبر دی ہے
فلسطین کے انفارمیشن سنٹر کی رپورٹ کے مطابق رفح گذرگاہ کے ایک سیکورٹی عہدیدار نے کہا ہے کہ حکومت مصر کی اطلاع کے مطابق رفح گذرگاہ کو پیر سے تین دنوں کے لئے کھولا جا رہا ہے تاکہ فلسطینی حجاج کے لئے سعودی عرب جانے، اور مصر میں واقع اس گذرگاہ کے حصے میں سرگرداں فلسطینیوں کے غزہ واپس جانے کے لئے حالات سازگار ہوسکیں-فلسطین کے وزیراوقاف یوسف ادعیس نے بھی کہا ہے کہ غزہ کے حجاج کا پہلا گروہ رفح گذرگاہ سے بیت اللہ الحرام کے لئے روانہ ہو گا اور جن دنوں میں رفح گذرگاہ کھلی رہے گی اس دوران دو ہزار آٹھ فلسطینی غزہ سے حج کے لیے روانہ ہوں گے-
واضح رہے کہ مصری حکام نے گذشتہ جولائی کے مہینے سے رفح گذرگاہ کو مکمل طور پر بند کر رکھا ہے، اور ضرورت مند افراد کو بیرون ملک سفر کرنے یا غزہ واپس آنے کے لئے کبھی کبھار اس گذرگاہ کو کھول دیا جاتا ہے-
حکومت مصر کا کہنا ہے کہ رفح گذرگاہ کو مستقل اور مکمل طور پر کھولا جانا اسی صورت میں ممکن ہے کہ جب مصر کے صوبہ شمالی سینا میں امن و امان برقرار ہو گا- واضح رہے کہ اس صوبے کے سرحدی علاقوں میں سیکورٹی اور فوجی چیک پوسٹوں کو بارہا حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے-