مشترکہ جامع ایکشن پلان میں فتح صرف ایران کی: سابق امریکی نائب صدر
Sep ۰۷, ۲۰۱۵ ۰۹:۴۵ Asia/Tehran
امریکا کے سابق نائب صدر ڈک چینی نے کہا ہے کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان میں صرف ایران کی فتح ہوئی ہے-
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے سابق نائب صدر ڈک چینی نے ایک انٹرویو میں مشترکہ جامع ایکشن پلان کے بارے میں کہا کہ امریکی صدر باراک اوباما کو اتنے اراکین کی حمایت حاصل ہو گئی ہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے کو مسترد کرنے میں کانگریس کے اقدام کو ناکام بنایا جا سکے-ڈک چینی نے کہا کہ ویانا ایٹمی معاہدے میں فتح حاصل کرنے والے صرف ایرانی ہیں، انہوں نے جو چاہا وہ حاصل کر لیا، نیز اس معاہدے میں شکست کھانے والے امریکا اور اسرائیل و سعودی عرب جیسے اس کے دیگر دوست اور اتحادی ممالک ہیں-
انہوں نے اعتراف کیا کہ اس معاہدے کا نتیجہ یہ ہو گا کہ اس علاقے میں طاقت کا توازن ایرانیوں کے حق میں بدلے گا اور ایران بالآخر نہ صرف ایٹمی معاہدے کی وجہ سے بلکہ پابندیوں کے خاتمے کی وجہ سے مقابلے کی زیادہ طاقت حاصل کر لے گا-
ڈک چینی نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ ایران کے لئے تو ایک معاہدہ ہے لیکن علاقے میں امریکا کے لئے ایک بڑی شکست ہے-