پاکستان: سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں 7 دہشت گرد ہلاک
اطلاعات کے مطابق پاکستان کے پاکستان کے صوبۂ خیبرپختونخوا میں ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جس میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ، آئی ایس پی آر، نے بتایا کہ یہ کارروائی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، سیکورٹی فورسز کی فائرنگ میں 7 دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس میں میجر سبطین حیدر جاں بحق ہوگئے، وہ بہادری سے اپنے دستے کی قیادت کر رہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر دہشت گردانہ حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔
دریں اثنا، اس کا رروائی کے بارے میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی افواج کے بہادر افسران اور جوان دن رات وطن کے تحفظ میں مصروف عمل ہیں اور بشمول میرے، پوری قوم کو اپنی بہادر افواج کے پر فخر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور پوری قوم افواجِ پاکستان کے غیر متزلزل عزم میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔