Oct ۱۴, ۲۰۱۵ ۱۷:۴۱ Asia/Tehran
  • پاکستان میں شیعوں کے خلاف کارروائی میں داعش کے ساتھ لشکر جھنگوی کا تعاون
    پاکستان میں شیعوں کے خلاف کارروائی میں داعش کے ساتھ لشکر جھنگوی کا تعاون

پاکستان کے صوبہ سندھ کے پولیس سربراہ غلام حیدر جمالی نے پاکستان کے شیعہ مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے لئے اس ملک میں دو دہشت گرد گروہ داعش اور لشکرجھنگوی کے درمیان قریبی تعاون کی خبر دی ہے- انھوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں داعش دہشت گرد گروہ اور لشکر جھنگوی کے درمیان قریبی رابطہ ہے اور وہ شیعوں پر دہشت گردانہ حملےکرنے کی کوشش میں ہیں-

صوبہ سندھ کے پولیس سربراہ نے کراچی میں شیعوں کی بس پر حملے کے ذمہ داروں سمیت گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کے سلسلے میں کہا کہ یہ افراد پاکستان میں اسلامی نظام خلافت قائم کرنے کے خواہاں تھے-


کراچی میں شیعہ مسلمانوں کی بس پر حملے میں چالیس سے زیادہ شیعہ شہید ہوگئے تھے اور اس حملے کی ذمہ داری بھی داعش نے قبول کی تھی- صوبہ سندھ کے پولیس سربراہ نے پاکستانی سینٹ کے داخلی امور کی کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ پاکستان میں شیعہ، داعش دہشت گرد گروہ کی ہٹ لسٹ میں ہیں-


داعش دہشت گرد گروہ کے نفوذ اور اس کی سرگرمیوں میں اضافے کا موضوع، گذشتہ ہفتے پاکستان کے صحافتی اور سیاسی حلقوں کی توجہ کا مرکز رہا ہے- بالخصوص یہ کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی ریاستی حکومت نے گذشتہ برس اکیس اکتوبر کو وفاقی حکومت اور اس ملک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خفیہ خطوط بھیج کر اس ملک میں داعش دہشت گرد گروہ کا اثر و نفوذ بڑھنے کے بارے میں خبردار کیا تھا-


اگرچہ پاکستان کے صوبہ سندھ کے پولیس سربراہ نے ملک میں شیعوں کے خلاف داعش اور لشکرجھنگوی کے درمیان قریبی تعاون کی خبر دی ہے لیکن کچھ دنوں قبل پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے اس ملک میں داعش کی موجودگی کو مسترد کردیا تھا- راحیل شریف کے اس بیان کو کہ پاکستانی فوج اس ملک پر داعش کا سایہ بھی نہیں پڑنے دے گی ، بعض ماہرین کی جانب سے پاکستان میں اس دہشت گرد گروہ کی موجودگی مسترد کئے جانے کے مترادف سمجھا گیا- البتہ جنرل راحیل شریف نے اپنے بیانات کے دوسرے حصے میں جس میں داعش کے خلاف جنگ کو پاکستانی فوج کی ترجیحات میں قرار دیاگیا تھا، اس ملک میں داعش کی عدم موجودگی پر مبنی اپنے بیان کی کاٹ کردی- داعش کے بارے میں پاکستانی فوج کے کمانڈر کے متضاد بیانات کے باوجود شاید پہلی بار پاکستان کے ایک اعلی عہدیدار نے اس ملک میں داعش کی موجودگی اور اس ملک میں دہشت گردانہ حملوں کے لئے اس کے پروگراموں کے بارے میں کھل کر بات کی ہے- 


پاکستان کے صوبہ سندھ کے پولیس سربراہ کے بیانات دو پہلؤوں سے اہمیت کے حامل ہیں- ایک تو یہ کہ پاکستان میں دہشت گردانہ حملوں کے لئے داعش کے ٹھوس پروگرام کی پولیس کے ایک اعلی عہدیدار کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے اور لشکر جھنگوی سمیت دوسرے تمام دہشت گرد گروہوں کے ساتھ داعش کا تعاون پاکستان کے سیکورٹی اداروں کے لئے مزید سنجیدہ خطرے کی حیثیت سے مرکز توجہ ہونا چاہئے- دوسرے یہ کہ غلام حیدر جمالی کے بیان کے مطابق ، شیعہ مسلمان، داعش دہشت گرد گروہوں کی ہٹ لسٹ میں ہیں اور یوں مرکزی اور صوبائی حکومتوں کو پاکستان میں عوام خصوصا شیعہ مسلمانوں کی جانوں کی حفاظت کے لئے ضروری تدابیر اختیار کرنا چاہئے-


ان حالات میں پاکستانی معاشرے کو اپنی حکومت سے لشکرجھنگوی اور داعش جیسے انتہاپسند گروہوں کی ممکنہ دہشتگردانہ کارروائیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے انسداد دہشت گردی کے لئے ٹھوس پروگرام تیار کرنے اور امن عام بالخصوص شیعہ مسلمانوں کے لئے جو گذشتہ برسوں میں پاکستان میں انتہا پسند گروہوں کا اصلی نشانہ رہے ہیں، سیکورٹی فراہم کئے جانے کی توقع ہے-


ٹیگس