Nov ۰۹, ۲۰۱۵ ۱۶:۰۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے زیر کنٹرول کشمیر میں احتجاجی مظاہرے
    ہندوستان کے زیر کنٹرول کشمیر میں احتجاجی مظاہرے

ہندوستان کے زیر کنٹرول کشمیر کے عوام نے پولیس کے پرتشدد اقدامات کے خلاف ہڑتال کی ہے-

کشمیری عوام نے اس علاقے میں ہندوستانی سیکورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں ایک شخص کے قتل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ہڑتال کی اور اس موقع پر شہر سری نگر کی بہت سی دکانیں اور سرکاری ادارے بند رہے- سنیچر کو کشمیری مظاہرین پر پولیس کے پر تشدد حملوں کے نتیجے میں مظاہرے میں شامل ایک شخص ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے تھے-

ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے ایک روزہ دورہ کشمیر کے بعد اس علاقے میں مظاہروں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے-
ہندوستان کے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کے دورے سے پہلے بھی احتجاجی مظاہروں کی ڈر سے سیکڑوں کشمیریوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا-
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بھی عوام نے ہندوستان کے خلاف مظاہرے کئے اور عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب توجہ دینے کا مطالبہ کیا-

ہندوستان کے زیر کنٹرول کشمیر میں وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ کشمیر کے خلاف ہونے والے مظاہروں سے پتہ چلتا ہے کہ کشمیرکی تعمیر نو اور ترقی میں مدد کے لئے نریندر مودی کے وعدے اور سخت سیکورٹی انتظامات بھی نئی دہلی کے خلاف کشمیری عوام کے احتجاجی مظاہروں کو نہ روک سکے-

کشمیر کا علاقہ برصغیر میں اسٹریٹیجک اہمیت کا حامل ہے اور انیس سو سینتالیس کی تقسیم کی بنیاد پر مسلمان اکثریت کے باعث کشمیر کو پاکستان میں شامل کیا جانا تھا لیکن ہندوستان کے دعوے کے مطابق مہاراجہ کشمیر کی درخواست پر اس علاقے میں ہندوستانی فوجیوں کے پہنچ جانے کے باعث نئی دہلی نے برصغیر کی تقسیم کے پروگرام پر مکمل عمل درآمد نہیں ہونے دیا-
یہ ایسا موضوع ہے کہ جوہندوستان اور پاکستان کے درمیان دو جنگوں پر منتج ہوا-

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد کے مطابق کشمیر کی تقدیر کا فیصلہ کرنے کے لئے ریفرنڈم اس علاقے کے بحران کو ختم کر سکتا ہے- لیکن ہندوستان ، کشمیر کے متنازعہ مسئلہ ہونے کو مسترد کرتا ہے اور اس کے ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہونے پر تاکید کرتا ہے- اسی بنا پر ہندوستان نہ صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد کی بنیاد پر کشمیر کے بارے میں ریفرنڈم کرنے کا نہ صرف مخالف ہے بلکہ پاکستان اور کشمیری نمائندوں کے ساتھ سہ فریقی مذاکرات کو بھی مسترد کرتا ہے-

اسی بنا پر تقریبا سات عشروں سے ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات پر کشمیر کا مسئلہ چھایا رہا ہے اور دونوں ملکوں کے سیاسی اور فوجی حکام بعض اوقات ایک دوسرے کو دھمکی بھی دیتے ہیں جس کے باعث ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ کی تشویش بڑھ جاتی ہے اور ہندوستان اور پاکستان کے جدید ترین میزائلوں اور ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ہونے کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان ممکنہ جھڑپ کے نتائج کے بارے میں پہلے سے زیادہ تشویش پیدا ہوجاتی ہے- اس بنا پر کشمیری عوام ، ہندوستانی حکومت سے اس علاقے کے بحران کے حل کا بنیادی راہ حل چاہتے ہیں تاکہ برصغیر کے عوام ، پائیدار امن و امان کا مزہ چکھ سکیں-







ٹیگس