Aug ۰۷, ۲۰۱۶ ۱۸:۳۸ Asia/Tehran
  • صدر ایران کے دورہ باکو کا آغاز

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی، جمہوریہ آذربائیجان کے دو روزہ سرکاری دورے پر باکو پہنچے ہیں جہاں وہ ایران، روس اور جمہوریہ آذربائیجان کے سہ فریقی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

صدر مملکت حسن روحانی کا دورہ باکو، جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علی اف کی دعوت پر انجام پا رہا ہے۔ وہ اپنے اس دورے میں جمہوریہ آذربائیجان کے اعلی حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کے طے شدہ سمجھوتوں پر عمل درآمد کے طریقے اور مختلف شعبوں منجملہ تجارتی، صنعتی، ثقافتی، مواصلات اور ٹرانسپورٹ سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔ باکو میں ایران، روس اور جمہوریہ آذربائیجان کے سہ فریقی اجلاس میں بھی تینوں ممالک کے صدور، مختلف شعبوں منجملہ تجارتی، توانائی، مواصلات، ماحولیات، دہشت گردی کے خلاف مہم، ٹرانزٹ اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں کثیر جہتی تعاون کے بارے میں گفتگو کریں گے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے دورہ باکو کے موقع پر جمہوریہ آذربائیجان کے صنعتی علاقے نفت چالہ میں ایران خودرو صنعتی گروہ کی پیداوار کے کارخانے کی تعمیر کا کام شروع ہوا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں ایران کے وزیر صنعت و معدن و تجارت، محمد رضا نعمت زادہ اور جمہوریہ آذربائیجان کے وزیر اقتصاد شاہین مصطفی نے ایک سمجھوتے پر دستخط کئے اور جمہوریہ آذربائیجان میں ایران خودرو کی پیداوار کے مرکز کے قیام کے لئے تعمیرات کا کام شروع ہوا۔ یہ کارخانہ تقریبا دس ہیکٹر کے رقبے میں بنایا جا رہا ہے اور پہلے مرحلے میں ایران خودرو کمپنی سے متعلق متعدد کاروں منجملہ ڈنا، رانا، سمند،اور سورن کے پرزے تیار کئے جائیں گے اور امید کی جاتی ہے کہ آئندہ نو ماہ کے اندر کاریں بنانے کا کام بھی شروع ہو جائے گا۔ اس تقریب کے بعد ایران کے وزیر صنعت و معدن و تجارت، محمد رضا نعمت زادہ نے ایک بیان میں دونوں ملکوں کے تعلقات کے فروغ کے لئے پائی جانے والی گنجائشوں سے بھرپور استفادہ کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ حالیہ چند برسوں کے دوران ایران اور جمہوریہ آذربائیجان کے درمیان تعاون کو کافی فروغ حاصل ہوا ہے اور دونوں ملکوں کے صدور کی ہدایات اور تہران و باکو کے سیاسی عزم کی بنیاد پر اس مہم کو مزید آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ تہران، اس کارخانے کے کارکنوں کی تربیت کے ساتھ ساتھ جمہوریہ آذربائیجان میں ایرانی مصنوعات کی پیداوار کے لئے ضروری سرمایہ کاری کے لئے بھی آمادہ ہے۔ اس موقع پر جمہوریہ آذربائیجان کے وزیر اقتصاد شاہین مصطفی نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان معاملات کے مثبت ماضی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس تعاون کو آئندہ بھی جاری رکھے جانے کی ضرورت پر تاکید کی اور اپنے ملک میں ایران خودرو  کاروں کی پیداوار کے مرکز کے قیام پر اپنی رضامندی کا اظہار کیا۔ جمہوریہ آذربائیجان میں ایرانی مصنوعات کی پیداوار کے لحاظ سے ایران خودرو کارخانے کا قیام، اس ملک میں ایک بڑا صنعتی پروجیکٹ ہے۔ اس سے قبل بھی جمہوریہ آذربائیجان میں ایرانی کاروں کے پرزے تیار کئے جاتے رہے ہیں مگر یہ پہلی بار ہے کہ اس ملک میں ایران خودرو کمپنی کی کاریں، اسمبل کی جائیں گی۔ بعض ماہرین، باکو میں ایران، روس اور جمہوریہ آذربآئیجان کے سہ فریقی اجلاس کے موقع پر اس ملک کے نفت چالہ جیسے صنعتی علاقے میں ایران خودرو کمپنی کے کارخانے کے قیام کے لئے کام کے آغاز کو ایران اور جمہوریہ آذربائیجان کے درمیان تعاون کی قابل توسیع گنجائش، پائے جانے کا آئینہ دار سمجھتے ہیں۔ جبکہ دونوں پڑوسی ملکوں کے مشترکہ تاریخی، مذہبی اور ثقافتی اقدار سے بھی دو طرفہ تعاون کے فروغ کے مواقع فراہم ہوئے ہیں۔اسلامی جمہوریہ ایران نے اس سے قبل بھی جمہوریہ آذربائیجان کے مختلف شعبوں منجملہ زراعت و صنعت اور توانائی نیز نقل و حمل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔اور وہ ان شعبوں میں سرمایہ کاری کو مزید فروغ بھی دے سکتا ہے۔ مجموعی طور پر ماہرین کا کہنا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کا دورہ باکو، بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ اس قسم کے دوروں سے تہران اور باکو کے درمیان دو طرفہ تجارتی لین دین کے فروغ پر مبنی دونوں پڑوسی ملکوں کی توقعات پوری ہو سکتی ہیں۔

ٹیگس