May ۱۷, ۲۰۱۷ ۱۸:۴۶ Asia/Tehran
  •  ایران میں مکمل امن و سلامتی کی فضا میں انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے: رہبرانقلاب -   سیاسی تجزیہ

رہبر انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای نے بدھ کے روز ایران کے ہزاروں افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ ایران میں ہونے والے انتخابات دنیا بھر کے لوگوں کی نگاہوں اور دلوں میں نئی اور نمایاں شکل میں مجسم ہوتے اور یہ ثابت کرتے ہیں کہ انتخابات، اسلامی جمہوری نظام کے لئے قومی جشن کا دن ہے۔

 رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ ایران میں جمعے کو ہونے والے انتخابات، امریکہ اور یورپ کے مختلف اداروں اور حکام ، نیز علاقے میں امریکہ کی تابع حکومتوں اور اسی طرح صیہونی حکام کی توجہ کا باعث بنیں گے تاکہ یہ دیکھیں کہ ایران کے عوام کس طرح اور کس جذبے کے ساتھ انتخابات کے میدان میں آتے ہیں-

رہبر انقلاب اسلامی نے اسی طرح مغربی ایشیاء اور شمالی افریقہ کے علاقوں میں وسیع پیمانے پر جاری بدامنی کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ ایسی بدامنی کی فضا میں اسلامی جمہوریہ ایران میں خداوند عالم کے لطف و کرم سے مکمل امن و سلامتی کی فضا میں انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے-

اس وقت پورے ایران میں انتخابی ماحول ہے - اور ایک پرشکوہ انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں- جمعہ انیس مئی کو ایران کے بارہویں دور کے صدارتی انتخابات کے ساتھ ہی پانچویں دور کے شہری اور دیہی کونسلوں کے انتخابات بھی منقعد ہو رہے ہیں- 

اس وقت انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے الٹی گنتی کا آغاز ہوگیا ہے اور ساری نگاہیں ان انتخابات پر مرکوز ہیں - گذشتہ چند ہفتوں کے دوران سے لے کر اب تک ان انتخابات کے نامزد امیدواروں نے خوب کھل کر اپنے منشور بیان کئے ہیں - نامزد امیدواروں نے مناظروں اور انتخابی مہم کے دوران اپنے پروگراموں کا اعلان کیا اور ان کا دفاع کیا - اسی سبب سے انتخابی ماحول میں خاصی گرمی پیدا ہوگئی- انتخابی جوش و خروش  دو رخ سے قابل مشاہدہ ہیں، ایک جانب تو یہ عوام ہیں جو اپنے ووٹوں سے انتخابی امیدوار کا انتخاب کرتے ہیں تو دوسری جانب وہ افراد ہیں جو جو نامزد امیدوار کی حیثیت سے انتخابی میدان میں اترے ہیں- انتخابات کے اس مرحلے کو انتہائی حساس مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے کیوں کہ دنیا بھر کے میڈیا کی توجہ اس پر مرکوز ہے-

جیسا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے آج کے بیان میں فرمایا ہے کہ جس طرح ایران میں آزادانہ انتخابات ہوتے ہیں اس طرح کے انتخابات ، علاقے کی ان قوموں کے لئے، کہ جن کی حکومتیں امریکہ کے زیرتسلط اور حمایت یافتہ ہیں، ایک خواب میں تبدیل ہوچکے ہیں- لیکن ایران کے عوام انتخابات میں اپنی بھرپور شرکت کے ذریعے اسلامی جمہوری نظام پر اعتماد اور اس سے اپنے لگاؤ کا اظہار کرتے ہیں-

اس میں کوئی شک نہیں کہ انتخابات منعقد کرانے والے عہدیداوں اور منتظمین کی مسلسل یہ کوشش ہے کہ انتخابات انتہائی صاف و شفاف اور امن کے ماحول میں انجام پائیں - انتخابات میں امن و سلامتی اور نظم وضبط دو اہم چیزیں ہیں جن سے ووٹروں کو یہ موقع فراہم ہوگا کہ وہ پر امن ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں اور اس سے اہم بات یہ ہے کہ اس بات سے بھی مطمئن ہوں کہ ان کے ووٹوں کی حفاظت ہو رہی ہے اور ذرہ برابر بھی ان کے ووٹوں کو نقصان نہیں پہنچے گا-

رہبر انقلاب اسلامی نے اس سے قبل انتخابات کے ذمہ دار افراد اور عہدیداروں کے اجتماع میں بھی فرمایا تھا کہ عوام کے ووٹ امانت ہیں اور ان کے تحفظ میں انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے اور کسی کو بھی اس تک رسائی کی اجازت نہ دی جائے- رہبر انقلاب اسلامی نے مزید فرمایا کہ اس امانت کی حفاظت حقوق العباد کا ایک اور پہلو ہے۔آپ نے فرمایا کہ جو لوگ بھی انتخابات کے انعقاد، اسکی حفاظت، ووٹوں کی گنتی اور نتائج کے اعلان جیسے معاملات میں شریک ہیں انہیں چاہئے کہ وہ عوام کے ووٹوں کی مکمل طور پر حفاظت کریں اور اس سلسلے میں چھوٹی سی بھی غلطی امانت میں خیانت کے مترادف ہے۔ 

اسلامی جمہوریہ ایران میں عوام کے ووٹوں کو اہمیت دیا جانا ، جمہوریت کے مظاہر میں سے ایک ہے اور اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد  12 فروردین مطابق اپریل 1979 کو ہونے والا ریفرنڈم اس کا عظیم مظہر تھا کہ جس کے بعد ایران میں اسلامی جمہوری نظام وجود میں آیا- اس کے بعد بھی اوسطا ہر سال ایران میں ایک الیکشن کا انعقاد ہوتا ہے اور عوام ان انتخابات میں بھرپور شرکت کرکے نظام پہ اعتماد اور اس سے اپنے قلبی لگاؤ کا مظاہرہ کرتے ہیں- اسی لئے رہبر انقلاب اسلامی نے جمعہ انیس مئی کو ہونے والے ریفرنڈم میں عوام کی بھرپور شرکت پر تاکیدفرمائی ہے

ٹیگس