سپاہ، ایران اور پوری ملت ایران کا دھڑکتا ہوا دل ہے: ظریف
گذشتہ چند دنوں کے دوران امریکی حکام کی جانب سے بہت گھٹیا اور بے بنیاد الزامات ایران کے خلاف عائد کئے گئے ہیں اور اسی تسلسل میں ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا نام بھی، ماضی سے زیادہ ٹویٹر پیغامات اور امریکی حکام کے بیانات میں سامنے آیا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے دو روز قبل جمعے کو ایرانی قوم کے خلاف بے بنیاد الزمات عائد کرتے ہوئے یہ دعوی کیا کہ تہران، دہشت گردی کا حامی ہے اور امریکی وزارت خزانہ نے سپاہ پاسداران پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اسے بلیک لسٹ میں شامل کردیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں سپاہ پاسداران پر دہشت گردی کی معاونت کا الزام عائد کرکے نئی پابندیاں عائد کرنے کی تجویز دیتے ہوئےکہا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ کسی بھی وقت ختم ہوسکتا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ہفتے کی رات کو ایران کے ٹیلی ویژن چینل ایک کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران مخالف بیانات پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے اپنی تقریر میں سفارتی آداب کو بھی مدنظر نہیں رکھا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف ان کے غیر سفارتی اور بے بنیاد بیانات، غیرمناسب اور ناقابل قبول ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ آج ہر ایرانی مرد و عورت اور پیر و جوان پاسداران انقلاب اسلامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم کو سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی پرفخر ہے- ٹرمپ کی ایران مخالف تقریر کے بعد عالمی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ شاید امریکی صدر کے پاس کچھ کہنے کو نہیں اور امریکی تجزیہ نگاروں کے مطابق، ڈونلڈ ٹرمپ اپنے تلخ بیانات سے اپنی کمزور حکمت عملی کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا قیام، دو اپریل انیس سو اناسی کو بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی کے فرمان پر عمل میں آیا تھا جس کا ہدف و مقصد دشمنوں کی سازشوں سے مقابلہ اور ایران کی سلامتی کو تحفظ فراہم کرنا ہے- سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، عوام سے وابستہ ایک ادارہ ہے جو دشمنوں کے مقابلے میں ملت ایران کے اتحاد کا مظہر ہے- سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے مسلط کردہ جنگ کے دوران دشمنوں کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنی شجاعت و بہادری اور انقلابی و شہادت پسندی کےجذبے کے ساتھ ، انقلاب کے آغاز سے اب تک ایرانی قوم کی حامی رہی ہے- سپاہ پاسداران ، سرحد پار ملکوں عراق و شام میں بھی تکفیری اور دہشت گرد گروہوں کے مقابلے میں استقامت و پائمردی کے نمونے میں تبدیل ہوگئی اور داعش کے خلاف ذمہ داری کے ساتھ جدو جہد کر رہی ہے-
رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کورکمانڈروں کے اجتماع میں ایک موقع پرسپاہ کو انقلاب کا مستحکم مورچہ اور داخلی اور خارجی سیکورٹی کا بنیادی اور ملکی پیشرفت کا برجستہ، ممتاز، ضروری اور اہداف کی جانب حرکت کرنے والا عنصر قرار دیا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع نے بھی سپاہ کے خلاف دشمن کے کسی بھی معاندانہ اقدام کو، اسلامی نظام اور ایرانی عوام کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپاہ دہشت گردی کے خلاف ایک قوی اورمضبوط ادارہ ہے۔ ایرانی وزیر دفاع نے کہا کہ سپاہ ایرانی عوام اور اسلامی نظام کی طاقت اور قدرت کا مظہر ہے جو خطے میں امریکی دہشت گردی کے فروغ کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے اور امریکہ کو ، دہشت گردی کے خلاف سپاہ کا مقابلہ پسند نہیں ہے- انھوں نے کہا کہ سپاہ کے خلاف پابندیوں کو دشمن کے دہشت گردانہ اقدام کا حصہ تصور کیا جائے گا-واضح رہے کہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے خطے میں امریکہ کے تمام مذموم مقاصد کو خاک میں ملا دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی آرمی نے بھی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی (IRGC) کے خلاف امریکی صدر کے حالیہ من گھڑت اور غیرتعمیری بیانات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی توہین ایرانی نظام کی توہین کے مترادف ہے۔