انقلاب اسلامی؛ قومی اتحاد، عزت اسلامی اور حضرت مہدی (عج) کی عالمگیر حکومت
ایران کا اسلامی انقلاب اپنی مثال آپ خصوصیات کا حامل ہے، قومی اتحاد اور عزت اسلامی کہ جو حضرت امام مہدی (عج) کی عالمی حکومت کی بنیاد ہے ، اس انقلاب کا بھی تشخص ہے-
ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی میں حضرت امام خمینی (رح) کے ساتھ ساتھ عوام نے اصلی کردار ادا کیا اور قومی اتحاد کا بھرپور مظاہرہ کیا- ایران کے اسلامی انقلاب نے اسلامی ممالک میں عظیم تبدیلیاں پیدا کیں اور قومی اتحاد کے لئے نمونہ عمل بن گیا- اس سلسلے میں عراقی پیٹریاٹیک یونین آف کردستان کے مشیر ماموستا نیازی ہورامانی نے جمعرات کو اسلامی انقلاب کی کامیابی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا اسلامی انقلاب ایسا انقلاب ہے کہ جس پر فخر کرنا چاہئے کیونکہ اس نے مسلمانوں کی عزت و سربلندی اور عظمت رفتہ کو بحال کرا دیا ہے-
اسلامی انقلاب کی کامیابی سے دین اسلام اپنی حقیقی اور اصلی شکل میں زندہ ہوگیا اوراتحاد جو کہ اس دین کی بنیاد شمار ہوتا ہے، ایرانی عوام میں جلوہ گر ہو گیا ہے- ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی سے قومی اتحاد اور عزت اسلامی ایک بار پھر ابھر کرسامنے آگئی ہے اور یہی حضرت مہدی (عج) کی عالمی حکومت کی بنیاد ہے- اس راہ میں تشخص کی بہت اہمیت ہے کہ جو انقلاب کی برکت سے ایرانی عوام کو حاصل ہو گیا ہے اور تمام نسل و قوم کے حامل افراد ایک چھتری تلے پرامن زندگی گذار رہے ہیں- عالم اسلام بھی دنیا کے مقابلے میں اتحاد و یکجہتی کے لئے ہرچیز سے زیادہ اپنے تشخص کی بازیابی کا محتاج اور اسلامی تعلیمات کے سایے میں اپنی عزت و طاقت کا خواہاں ہے-
اسلامی انقلاب کی کامیابی سے اسلامی جمہوریہ ایران ، عالمی میدان میں اتحاد و عزت اسلامی کے کردار پر تاکید کرتا ہے اور عالم اسلام کے موجودہ مسائل کی راہ حل حقیقی اتحاد میں ہی سمجھتا ہے-
اتحاد ، عزت اسلامی کو دوچنداں کردیتا ہے اور اسی بنا پر دشمن ہمیشہ عالم اسلام میں تفرقہ اندازی کی کوشش کرتا ہے تاکہ حضرت امام مہدی (عج) کے ظہور کے عقیدے پر اثرانداز ہو-
مطلوبہ اتحاد کے لئے سب سے پہلے مسلمانوں کو دنیا میں اپنی طاقت و عظمت کی جانب متوجہ ہونا پڑے گا اور یہ مہم علمائے اسلام اور مذہبی امور کے ماہرین کے بقول صرف مہدویت کے نظریے کے سہارے ہی سر کی جا سکتی ہے کہ جو درحقیقت دنیا میں مسلمانوں کی عزت و عظمت کی بشارت و خوشخبری دیتا ہے- بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) نے مہدویت کی ثقافت کے احیاء اور انتظار کے سلسلے میں فرمایا ہے کہ ، انتظار ظہور ، اسلام کی طاقت کا انتظار کرنا ہے اور ہمیں کوشش کرنی چاہئے کہ دنیا میں اسلام کی طاقت عملی جامہ پہنے اور انشاء اللہ آپ کے ظہور کے مقدمات فراہم ہوں-
حضرت امام خمینی (رح) نے ایک اور مقام پر فرمایا ہے کہ ایران کے عوام کا انقلاب ، عالم اسلام کے عظیم انقلاب کا نقطہ آغاز ہے جس کے علمبردار حضرت حجت (عج) ہوں گے کہ جن پر ہماری جان قربان ہوجائے-
اسلامی انقلاب کی سرگرمیوں کا دائرہ صرف ایران تک محدود نہیں ہے بلکہ وہ دنیا کے تمام مسلمانوں کے لئے کام کررہا ہے- رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای اس سلسلے میں فرماتے ہیں کہ : ہم پرذمہ داری ہے ، ایران اسلامی - ایران مسلمان ، پر اس سے زیادہ ذمہ داری ہے ، ہم توسیع پسندی یا اپنا تسلط جمانے کا ارادہ نہیں رکھتے، ہرگز نہیں۔ درحقیقت کوئی بھی مسلمان توسیع پسندی کے بارے میں سوچتا بھی نہیں بلکہ بات ، انسانیت کے سلسلے میں ذمہ داری کی ہے-
آج اسلامی اتحاد و عزت کی اہمیت ہمیشہ سے زیادہ ہے- مغربی ایشیاء میں مختلف تکفیری گروہوں کو پیدا کرنے کی سازش کا مقصد ، اسلامی ممالک کو لڑوانے کے سوا کچھ نہیں ہے اور یہ چیز عالم اسلام کو اس کے اصلی مقصد سے دور کردے گی- اسلامی جمہوریہ ایران ، ایک ایسے ملک کی حیثیت سے کہ جو عالم اسلام کے مسائل کو نظرانداز نہیں کرسکتا ، عالم اسلام کے دشمنوں کے ذریعے بنائے گئے تکفیری گروہوں کے خلاف جنگ میں اہم کردار کا حامل ہے اور یہ مہم ایران کے اسلامی انقلاب کی عالمی ذمہ دای سے ماخوذ ہے-