Apr ۳۰, ۲۰۱۸ ۱۶:۲۲ Asia/Tehran
  • ایران کے وزیردفاع کی علاقے میں امن و سلامتی کے تحفظ کی ضرورت پر تاکید

ایران کے وزیردفاع جنرل امیرحاتمی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ایران کی مسلح افواج میں اسٹریٹیجک دفاع کی بھرپور صلاحیت ہے کہا کہ ایران نے اپنے متدین اور ماہر جوانوں کے بھروسے اپنے دفاع کو عملی جامہ پہنانے اور قومی سیکورٹی و مفادات کا تحفظ کرنے میں کامیاب رہا ہے

ایران کے وزیردفاع نے اتوار کو وزارت دفاع کے بعض افسروں کی تقریب حلف برداری میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ علاقے کی سیکورٹی ایک دوسرے سے منسلک ہے اور ایران علاقے کی سیکورٹی اور استحکام کے تحفظ کی ضرورت پر تاکید کرتا ہے-

اسلامی جمہوریہ ایران کی نظر میں سیکورٹی کے دفاع و تحفظ کے لئے تجربہ کار افرادی قوت، مہارت اور اخلاقی و انقلابی اقدار کی ضرورت ہے اور ساز و سامان اور وسائل کے  میدان میں بھی مسلح افواج کو جدید ترین ٹیکنالوجی کا حامل ہونا چاہئے تاکہ بوقت ضرورت ہرطرح کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے حملے کی طاقت موجود ہو- اس سلسلے میں دوفیکٹرنہایت اہم کردار کے حامل ہیں- پہلا فیکٹر ضروری دفاعی مصنوعات خاص طور سے میزائلی دفاعی صلاحیتوں کا مقامی ہونا ہے یعنی ضروری فوجی ساز و سامان خاص طور سے میزائلوں کو ملک کے اندر تیار کرنا ہے کیونکہ دفاعی مسئلے میں میزائلی دفاع اسٹریٹیجی اور اسٹریٹیجک اہمیت کا حامل ہے- دوسرا فیکٹر، خطرات کے تناسب سے دفاعی آمادگی کو فروغ دینا ہے-

انٹرنیشنل اسٹریٹیجک اسٹڈیز سینٹر نے ابھی حال ہی میں ایران کے بیلسٹیک میزائل پروگرام کے بارے میں اسلحوں کے شعبے میں امریکی ماہرین مارک فیٹزپیٹریک اور مائکل المین کے توسط سے ایک جامع رپورٹ تیار کی ہے- اس رپورٹ میں لکھا ہے کہ بیلسٹیک میزائل ایران کے دفاعی موقف کا ایک اہم شعبہ شمار ہوتے ہیں اور مستقبل میں بھی یہی صورت رہے گی اور ایران کی دفاعی صلاحیت کے لئے اس پروگرام کی اہمیت کے پیش نظر یہ توقع نہیں رکھنا چاہئے کہ ایران اپنے میزائلی پروگرام سے دست بردار ہوجائےگا-

رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے مسلح افواج کے اعلی کمانڈروں سے اپنے حالیہ خطاب میں طاقت، سیکورٹی ، عزت اور بوقت ضرورت بھرپورصلاحیت کو مسلح افواج کے اہم اہداف میں شمار کیا اور تاکید فرمائی کہ ایران کی مسلح افواج کو فکری ، عملی اور عزم و ارادے کے لحاظ سے بہترین افرادی قوت کی ضرورت ہے تاکہ دشمنوں کے سامنے قوم کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے-

ایران کے وزیردفاع کے بیانات بھی اسی نکتے پر تاکید ہیں کہ ایران ، دفاعی میدان میں ایک ڈنٹرینٹ پاور کا حامل ہے اور دفاعی میدان میں وہ علاقائی اشتراک عمل کے میدان میں اتر چکا ہے- اس کی تازہ مثال ترکی کی فضائیہ کی نمائش گاہ میں ایران کے اسٹال کا نمایاں ہونا ہے- اس نمائش گاہ میں ایران کے اسٹال کو معاہدوں اور مراجعہ کرنے والے مہمانوں کی تعداد کے لحاظ سے سب سے فعال اسٹال کے طور پر منتخب کیا گیا-

یوریشیا ایئرشودوہزاراٹھارہ کی فضائی نمائشگاہ کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے ڈپٹی آپریشنل کمانڈر بریگیڈیئرجنرل سید محمد علوی نے ترک فضائیہ کی نمائشگاہ کو پڑوسی ممالک کے ساتھ دفاع و فوجی میدانوں میں دوستانہ تعلقات کے لئے مثبت قدم قرار دیا- دفاعی صلاحیتوں اور اشتراک عمل کی یہ سطح ، قومی اقتدار و سیکورٹی کے معینہ اہداف کے مطابق ہے اور اس سے پتہ چلتا ہے کہ ایران کے دفاعی ادارے، علاقے میں خطرات کا مقابلہ کرنے اور ملت ایران کے بھرپور دفاع میں موثردفاعی طاقت کے حامل ہیں- 

ٹیگس