Aug ۱۶, ۲۰۱۸ ۱۷:۰۱ Asia/Tehran
  • حماس کے بحری میزائل کا پیغام

معا نیوز ایجنسی نے صیہونی ذرائع کے حوالے سے اعلان کیا ہے کہ القسام بریگیڈ نے جو حماس کی فوجی شاخ ہے حالیہ ہفتوں میں سمندر میں سات میزائل فائر کئے ہیں جس کا مقصد فلسطینیوں کی فوجی صلاحیتوں کو آزمانہ ہے۔

حالیہ ہفتوں میں فلسطین کی اسلامی تحریک حماس اور صیہونی حکومت کے درمیان جھڑپوں میں شدت آئی ہے- 

امریکی صدر ٹرمپ کی حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات کے نتیجے میں حماس اور صیہونی حکومت کے درمیان جھڑپوں میں شت آنے کی زمین ہموار ہوئی ہے - ٹرمپ نے دسمبر دوہزار سترہ میں سرکاری طور پر تل ابیب کی جگہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت متعارف کراتے ہوئے مئی  دوہزار اٹھارہ میں امریکی سفارت خانے کو بیت المقدس منتقل کردیا- اس کے علاوہ امریکی حکومت اس کوشش میں ہے کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان کشمکش کو حل کرنے کی دعوے کے ساتھ سینچری ڈیل پرعمل درآمد کرے لیکن اس منصوبے سے  پوری طرح اسرائیل کے مفادات پورے ہو رہے ہیں-

ٹرمپ حکومت کے یہ اقدامات اس بات کا باعث بنے ہیں کہ صیہونی حکومت نے فلسطینیوں خاص طور سے غزہ کے عوام کے خلاف جرائم میں مزید شدت پیدا کردی ہے- فلسطین کے عوام نے بھی اسرائیلی حکومت کے جرائم پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے استقامت کا راستہ اختیار کیاہے - استقامت کی حکمت عملی واپسی مارچ اور دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لئے اختیار کی گئی ہے-

واپسی مارچ تیس مارچ دوہزاراٹھارہ سے اب تک جاری ہے- واپسی مارچ کے زیرعنوان ہونے والے مظاہروں میں اب تک تقریبا ایک سو ساٹھ افراد شہید اور ستّرہ ہزار سے زیادہ افراد  زخمی ہوچکے ہیں تاہم فلسطینی عوام کی استقامت بدستور جاری ہے کیونکہ فلسطینیوں کو پتہ ہے کہ سینچری ڈیل کو تسلیم کرنے کا مطلب اپنی تاریخ، جغرافیا اور تشخص سے ہاتھ دھو بیٹھنا اور اپنی سرزمین سے دربدر ہونا ہے-

استقامت ، واپسی مارچ کے ساتھ ہی اپنے دفاع کو مضبوط بنانے کا بھی کا کررہی ہے - سمندر میں تحریک حماس کا تجربہ صیہونی حکومت کے مقابلے میں استقامت کے محور کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں انجام پایا ہے-  اپنے دفاع کو مضبوط بنانے کی مثالی روش کہ جو حماس نے اختیار کی ہے دوہزارچھے میں تینتیس روزہ جنگ میں حزب اللہ لبنان کے تاریخی تجربے کا نتیجہ ہے- اس جنگ میں حزب اللہ کی دفاعی طاقت اسرائیل  کی تاریخی شکست کا باعث بنی ہے - القسام بریگیڈ کے پیغام میں آیا ہے کہ صیہونی حکومت کی جانب سے کسی بھی طرح کا احمقانہ اقدام اس کے لئے تباہی اورایسی ناقابل برداشت پریشانی کا باعث بنے گی جو انھوں نے اب تک نہیں دیکھی ہوگی -

القسام بریگیڈ کے میزائل اس پیغام کے بھی حامل ہیں کہ فلسطینی کبھی بھی سینچری ڈیل کو عملی جامہ نہیں پہننے دیں گے حتی اگر صیہونی حکومت اور اس کے حامی فلسطینیوں پر تمام گذرگاہیں بند کرکے اس کے خلاف تاریخی جرائم کا ارتکاب بھی کریں- ایسا نظر آتا ہے کہ یہ پیغام ٹرمپ حکومت ، علاقے کی بعض حکومتوں اور صیہونی حکومت کو بھی مل چکا ہے کیونکہ امریکہ نے سینچری ڈیل کے اعلان کو موخر کردیا ہے - سعودی عرب نے اس ڈیل کی حمایت سے پسپائی اختیار کرلی ہے اور صیہونی حکومت بھی رائے عامہ کے دباؤ میں کرم ابوسالم گذرگاہ کھولنے پر مجبور ہوگئی ہے-

ٹیگس