Sep ۰۳, ۲۰۱۸ ۱۷:۲۰ Asia/Tehran
  • ایئر ڈیفنس سسٹم کی خصوصیات اور طاقت : رہبر انقلاب اسلامی کی نظر میں

اسلامی جمہوریہ ا یران کا ایئر ڈیفنس ہیڈکوارٹر آج مسلح افواج کا ایک نہایت حساس جزء ہے اور ایران کے دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے محاذ پر فرنٹ لائن پر ہے-

رہبرانقلاب اسلامی اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر نے اتوار کو اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے خاتم الانبیاء ایئر ڈیفنس ہیڈ کوارٹر کے کمانڈروں اور عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے اسی  نکتے پر تاکید فرمائی - اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے خاتم الانبیاء ایئرڈیفنس ہیڈکوارٹرنے اپنے سائنسدانوں اور انجینئروں کی مہارت سے اپنی گذشتہ دس برسوں کی درخشاں اور نتیجہ خیز سرگرمیوں اور کاموں سے فضائی دفاع کے میدان میں قابل غور پیشرفت و ترقی کی ہے یہاں تک کہ آج بہت سے فوجی ماہرین اور تحقیقاتی ادارے ایران کی مسلح افواج کی بہترین آپریشنل صلاحیتوں کا اعتراف کررہے ہیں-

اسلامی جمہوریہ ایران کے دفاعی ڈاکٹرین کی بنیاد موثر و مضبوط دفاعی طاقت و صلاحیت پیدا کرنے کے لئے ضرورت کے دفاعی ساز و سامان خود تیار کرنے پر استوار ہے- اس تناظر میں مقامی سائنسدانوں اور ماہرین سے استفادہ کرتے ہوئے ایئر ڈیفنس سسٹم کی صلاحیتوں کو بڑھایا گیا ہے یہاں تک کہ اس وقت ایران ، فضاء و خلاء میں دشمن کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے اعلی صلاحیتوں کا حامل ہے -

امریکن انٹرپرائزز انسٹی ٹیوٹ نے کہ جو ایک معروف و بااثر ادارہ ہے ، ایران کی آئندہ سیکورٹی پالیسی کے زیرعنوان ایک مقالے میں لکھا ہے کہ ایرانی دفاعی صنعتی ادارہ کہ جو انیس سو اکیاسی میں ایرانی حکام کے توسط سے قائم کیا گیا، امریکہ و یورپ سے اسلحے لینے کے بجائے ایران کی دفاعی مصنوعات کی پروڈکشن ،  توسیع و ترقی اور ریسرچ کی ذمہ داری انجام دے رہا ہے - جب ایرانی انیجینئر، اسکاڈ میزائل خود تیار کرنے لگے تو ایران کے بلیسٹک میزائلوں کے گودام اس ملک کی دفاعی صنعت کی انگوٹھی کا نگینہ بن گئے-

 امریکی فوج کے سینٹرل کمانڈ کے سابق سینئر ماہر اور امریکن انٹرپرائزز انسٹی ٹیوٹ میں ایرانی امور کے ماہر مٹیو میک اینیس نے اس رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران آئندہ برسوں میں مزید فوجی ٹیکنالوجی تک دسترس حاصل کرلے گا کہ جو اس ملک میں فوجی میدان میں ایک حقیقی تبدیلی پیدا کرسکتی ہے- اس وقت ایئر ڈیفنس کے شعبے میں ایران کی یہ صلاحیت کافی اعلی سطح پر پہنچ چکی ہے جس سے ایران کی مسلح افواج کے فضائی دفاعی نظام میں تیزی سے فروغ و پشرفت ہونے کا پتہ چلتا ہے-

بہت سے ماہرین کا خیال ہے کہ ایران کی فضائیہ کی ایک اہم خصوصیت موثر فضائی آپریشن انجام دینے کی صلاحیت ہے اس سلسلے میں مضبوط ایئرڈیفنس سسٹم منجملہ ، باور تین سو تہتر اور درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے جدیدترین فضائی دفاعی سسٹم مرصاد اور کم فاصلے تک مار کرنے والے فضائی دفاعی سسٹم یا زہرا تین کی ڈیزائننگ اور پیداوار ہے-

ہفتہ وار جریدے جینز ڈیفنس کے مطابق ایران نے اس وقت جدیدترین ریڈار منجملہ تھرٹی این سکس ریڈار کہ جس میں ہدف کو پہنچاننے کی بھی صلاحیت ہے ، تیار کرلیا ہے-

ان صلاحیتوں کے پیش نظر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے دفاعی شعبوں میں ایران کی پیشرفت کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ : سیاسی اندازوں کے مطابق فوجی جنگ کا امکان نہیں ہے - تاہم  مسلح افواج کو چاہئے کہ وہ پوری ہوشیاری، بہترین تدبیر اور چابک دستی کے ساتھ اپنی توانائیوں میں خواہ وہ انسانی قوت کے میدان میں ہوں یا دفاعی ساز و سامان کی تیاری کے تعلق سے، روز بروز اضافہ کریں۔ اس بنا پر ایئر ڈیفنس کی صلاحیتوں میں اضافہ ، ایران کی مسلح افواج کی ڈیٹرنٹ پالیسی اور دفاعی  پروگراموں کی ترجیحات  میں ہے کہ جو فوجی لحاظ سے اسٹریٹیجک اہمیت رکھتا ہے-

 

ٹیگس