Sep ۲۲, ۲۰۱۹ ۱۷:۰۹ Asia/Tehran
  • ہفتۂ دفاع مقدس کے آغاز پر، ایران کے فوجی اقتدار کی نمائش

اکتیس شہریور مطابق بائیس سمتبر ، ایران کے خلاف عراق کی مسلط کردہ آٹھ سالہ جنگ کے آغاز کی تاریخ ہے-

عراق کے معدوم ڈکٹیٹر صدام کے جارح فوجیوں نے انتالیس سال قبل اسی دن امریکی ایما پر اور سعودی عرب اور کویت کی مالی حمایت نے ایران کے خلاف وسیع فوجی حملے کا آغاز کیا تھا-آخرکار یہ جنگ آٹھ سال بعد دشمن کے اتحاد کی ذلت آمیز شسکت اور ملت ایران کی سربلندی و سرافرازی کے ساتھ ختم ہوئی- مسلط کردہ جنگ ، تمام تر سختیوں اور دباؤ کے باوجود ، مزاحمت و استقامت کے ایک گرانقدر تجربے میں تبدیل ہوگئی- یہ عظیم کارنامہ ، انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد ، ملت ایران کی تاریخ میں ایک یادگار باب ہے- ایرانی قوم ہر سال ہفتۂ دفاع مقدس کے موقع پر دشمنوں کے مقابلے میں اپنی پائیداری و استقامت اور فتح و کامرانی کی یاد مناتی ہے- ہفتۂ دفاع مقدس کے پہلے دن ایران کی مسلح افواج کی شاندار پریڈ، آج بروز اتوار ہفتۂ دفاع مقدس کی 40 ویں سالگرہ کی مناسبت سے تہران میں واقع بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کے مزار مقدس کے سامنے منعقد ہوئی جس میں جدید جنگی سامان سمیت ایران میں بنائی گئی دفاعی ٹیکنالوجی کو نمائش کے لئے پیش کیا گیا۔

 یاد رہے کہ 22 ستمبر کو عراق کی بعث پارٹی کی حکومت کی طرف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف طویل جنگ مسلط کی گئی تھی ۔ یہ جنگ بیسویں صدی کی سب سے بڑی روایتی اور ویتنام جنگ کے بعد دوسری طویل ترین جنگ تھی۔ اس مسلط شدہ جنگ میں ایران کے دو لاکھ تیرہ ہزار افراد جاں بحق اور چھ لاکھ بہتر ہزار افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ چالیس ہزار افراد کو جنگی قیدی بنا لیا گیا تھا۔ 

رہبر انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای نے اعلی رتبہ فوجی افسروں کے اجتماع میں اپنے خطاب میں، مقدس دفاع کے دور کو ایرانی قوم کے لئے عزت و آبرو کا باعث قرار دیا اور فرمایا: باوجودیکہ مسلط کردہ جنگ کے معنوی اور مادی اخراجات بہت زیادہ تھے لیکن آٹھ سالہ مقدس دفاع کے دوران ایرانی قوم کے کارنامے، ان اخراجات سے کہیں عظیم اور بالاتر ہیں- آٹھ سالہ مقدس دفاع کے تجربے سے اس امر کی نشاندہی ہوتی ہے کہ تمام تر مشکلات اور دباؤ ، اور حد سے زیادہ مالی مسائل ہونے کے باوجود، عالمی طاقتوں کی منھ زوریوں اور توقعات کے مقابلے میں ڈٹا جاسکتا ہے-ایران دفاعی طاقت اور حتی دشمن پر یلغار کے لحاظ سے اس وقت اتنی قوت و طاقت کا مالک ہے کہ علاقے میں بدامنی پیدا کرنے والے عناصر کا بھرپور مقابلہ کر سکتا ہے- اسی سلسلے میں ایران کی میزائلی صلاحیت ، اسلامی جمہوریہ ایران کے طاقت کی ایک اساس شمار ہوتی ہے-

اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران کے کمانڈر بریگیڈیئرجنرل حسین سلامی نے سنیچر کو تہران میں امریکی ڈرون طیاروں کو مار گرائے جانے اور انھیں بطور غنیمت حاصل کئے جانے سے متعلق منعقدہ پہلی نمائش کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو ملک بھی ایران پر حملہ کرے گا وہی ملک اصلی میدان جنگ ہوگا- ایران کی سپاہ پاسداران کی فضائیہ اور ایرو اسپیس کے کمانڈر امیر علی حاجی زادہ نے بھی نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ اگر دشمن نے کوئی غلطی کی تو ہر حال میں اس کا جواب دیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے چالیس برس بعد اور دشمنوں کی بے شمار دھمکیوں کے دوران ایران نے مختلف میدانوں منجملہ دفاعی اور فوجی شعبوں میں غیر معمولی پیشرفت کی ہے -

ایران کے دفاعی طاقت کے بارے میں روس اور مشرق وسطی کے مطالعاتی مرکز کے سربراہ میکسیم شوچنکو کہتے ہیں ایران مشرق وسطی کے علاقے میں طاقتور فوج کا حامل ہے اور اس ملک کی مسلح افواج انواع و اقسام کے جدیدترین ہتھیار بنانے میں کامیاب ہوگئی ہیں کہ جن کا ہم ایران کی فوجی مشقوں میں مشاہدہ کرتے ہیں-

واضح سی بات ہے کہ ہر دشمن کو ان صلاحیتوں کے پیش نظر مجبور ہوکر ایران پر حملے سے پہلے ایران کی دفاعی اور جارحانہ طاقت کا صحیح اندازہ لگانا ہوگا تاکہ وہ ایران پر حملے سے ہونے سے والے اپنے فوائد اور اخراجات کا دقیق طور پر جائزہ لےلے، پھر حملے کی سوچے-    ایران کی مسلح افواج نے ہفتہ دفاع مقدس کی  مناسبت سے اپنے بیان میں مسلط کردہ جنگ میں ایران کے عوام کی استقامت و پائیداری کو ظلم و سامراج کے مقابلے میں ایرانی عوام کے ڈٹ جانے کا مظہر قراردیا  -اس ایک ہفتے کے دوران پورے ایران اسلامی میں مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جاتا ہے- ایران کی مسلح افواج   نے سنیچر کو ایک بیان میں کہا کہ دفاع مقدس میں ایرانی عوام  نے تسلط پسند نظام اور علاقے کے بعض ممالک خاص طور سے امریکہ کی جانب سے عراق کے بعثی اور جارح ڈکٹیٹر صدام کی بھرپور حمایت و مدد کے باوجود کمترین  وسائل سے فتح و کامیابی حاصل کی -

ایران کی مسلح افواج کے  بیان میں کہا گیا ہے کہ آٹھ سالہ مقدس دفاع میں ایرانی عوام کی پائداری ، استقامتی ثمرات کا ایک کامیاب نمونہ ہے-   بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ، دفاع مقدس کے تجربات اور کامیابیوں سے استفادہ کرتے ہوئے موجودہ بحرانوں کو بھی عبور کرلے گا- اس بیان میں ایران کی دفاعی طاقت و صلاحیت میں پیشرفت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایران کی مسلح افواج ، دفاعی اسٹریٹیجی کے تحت موثر و ہمہ گیر دفاع کرتے ہوئے ہرجارح  کا منھ توڑ جواب دیں گی-

 

 

 

 

ٹیگس