Oct ۰۷, ۲۰۱۹ ۱۷:۴۷ Asia/Tehran
  •  آئی آر آئی بی کی عالمی سروس کی صحافتی مجاہدتوں کی قدردانی کے لئے تہران میں ایک تقریب کا انعقاد

اتوار کو تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو ٹی وی کے ادارے آئی آر آئی بی کی اکسٹرنل سروس کی صحافتی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے آئی آر آئی بی کے مرکزی ہال میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک کے سیاسی و عسکری حکام نے بھی شرکت کی ۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو ٹی وی کے ادارے آئی آر آئی بی کی اکسٹرنل سروس کے سربراہ پیمان جبلی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ انقلاب اسلامی کبھی بھی اپنی سرحدوں کے اندر محدود نہیں رہا ہے کہا کہ اسلامی انقلاب عالمی و انسانی پیغام کا حامل ہے

پیمان جبلی نے تہران میں آئی آر آئی بی کی اکسٹرنل سروس کی سرحد پار خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی کے فلسفہ وجود اور آئی آر آئی بی کی اکسٹرنل سروس کی ذمہ داریوں اور پیغام میں چولی دامن کا ساتھ ہے ۔ پیمان جبلی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو ٹی وی کی اکسٹرنل سروس میں کام کرنے کی قدر و قیمت ، انقلاب اسلامی کے عالمی پیغام کے برابر ہے۔

خبریں پہنچانے اور حقائق کو منتقل کرنے نیز دنیا میں رونما ہونے والے واقعات کا تجزیہ و تحلیل کرنے میں آزاد و خودمختار میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے- امریکہ نے خاص طور پر حالیہ برسوں میں کوشش کی ہے کہ پابندی کے ہتھکنڈے کے ذریعے آئی آر آئی بی کی اکسٹرنل سروس کو چیلنج سے دوچار کردے لیکن وہ ان ذرائع ابلاغ کے اثرانداز ہونے میں رکاوٹ نہیں بن سکا ہے- 

مغربی ذرائع ابلاغ سالانہ دسیوں ملین ڈالر اس لئے خرچ کرتے ہیں تاکہ ایران سے متعلق ایسی تصاویر جو برخلاف حقیقت ہیں، مخاطبین کے ذہن میں اتاریں۔ اسی سبب سے وہ ایک ایسے میڈیا سے ناراض ہیں جو قومی اور عالمی سطح پر ان کی بیہودہ باتوں اور تصویروں کو مسترد کرکے،  ایران کی حقیقی تصویر پیش کر رہا ہے۔ قومی میڈیا کو نشانہ بنایا جانا، درحقیقت اس میڈیا کے با اثر اور طاقتور ہونے کے سبب بیرون ملک میں مخاطبین کی تعداد میں بے تحاشا اضافہ ہونے اور مخالفین کی سازشوں اور پروپیگنڈوں کے ناکام ہونے کو  ظاہر کرتا ہے۔ 

اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو ٹی وی کے ادارے آئی آر آئی بی کی اکسٹرنل سروس کے سربراہ پیمان جبلی نے آئی آر آئی بی کے عالمی نیٹ ورکس کو نقصان پہنچانے کے لئے دشمنوں کی سازشوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فیس بوک پر حزب اللہ کی کارروائیوں کی کلیپ اور سپاہ پاسداران کے قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے انٹریو باعث بنے کہ دشمن نے آئی آر آئی بی کے عالمی نیٹ ورکس میں خلل ڈالنا شروع کردیا۔ پیمان جبلی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے عالمی نیٹ ورکس ، دشمنوں کے تخریبی اقدامات کے باوجود اپنی خدمات کو جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

ایران پریس، العالم ، سحر ، الکوثر، اور پریس ٹی وی جیسے آزاد ذرائع ابلاغ ان حقائق کو منعکس کر رہے ہیں کہ جن کو امریکی حکومت اور علاقے میں اس کے اتحادی ممالک ان کے نشر ہونے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے اور وہ بہترین انداز میں خبروں اور ویڈیو گفتگو کو کوریج دینے میں کامیاب رہے ہیں۔ اسی سبب سے میڈیا کے ذریعے اجتماعی اعتماد کی بحالی اور علاقے کی تبدیلیوں کے بارے میں آگاہی میں اضافہ ہوا ہے- یہ ایسی حالت میں ہے کہ دشمنوں نے کوشش کی ہے رائے عامہ کو فریب دیں اور میڈیا کے ذریعے دنیا کی اہم خبروں اور واقعات کی تصاویر کو اپنے اہداف کے مدنظر نشر کریں-

امریکہ کی خارجہ تعلقات کونسل کی انٹرنیٹ سائٹ کے تجزیہ نگار رابرٹ مک ماہون نے فوجی اقدام کے بجائے ایران کے خلاف میڈیا کی طاقت کے استعمال اور افتراپردازی اور بیہودہ گوئی پر تاکید کی ہے۔ یہ امریکی تجزیہ نگار کہتا ہے کہ اس لحاظ سے کہ ایران کے خلاف فوجی اقدام بعید لگتا ہے اس لئے اس کے خلاف پروپیگنڈہ  مراکز قائم کرنے کے ذریعے نرم طاقت کے آپشن کو ترجیح دی جائے۔

امریکہ ، ایران کے عوام اور اسلامی جمہوری نظام کے درمیان فاصلہ ڈالنے اور عوام میں ناراضگی پیدا کرنے کے لئے اپنے تمام تر وسائل اور حربے بروئے کار لا رہا ہے۔ امریکہ کی قومی سلامتی کی اسٹریٹیجی کی دستاویز میں آیا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ بعض نجی اور امریکی ریڈیو اور ٹیلویژنوں کی کیلیفورنیا ، نیوجرسی اور ڈی سی واشنگٹن میں مدد کریں اور ان کا ساتھ دیں تاکہ امریکی پیغام ایران کے اندر پہنچ سکے۔

بلا شبہ ایران کے قومی میڈیا اور آزاد ذرائع ابلاغ کی سرگرمیوں میں خلل ڈالنے کی امریکی کوشش سے، ہرگز اسے اس کا مقصد حاصل نہیں ہوسکے گا۔ اس لئے کہ ناظرین ، انتخاب کے حق کے اصول پر بھروسہ کرتے ہوئے، آزادی کے ساتھ ان ہی ذرائع ابلاغ  کا تعین کرتے ہیں جو بھروسے مند ہوں۔  

جیسا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے اتوار کو آئی آر آئی بی کی عالمی سروس کی ابلاغیاتی مجاہدت کی قدردانی کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہا کہ دشمنوں کی کوشش ہے کہ انسانی حقوق، آزادی، اور قانونی جنگ و دفاع کو اس طرح بناکے پیش کریں کہ صیہونیوں کے جرائم دفاع کہلائیں اور جنگ پسندی کی بھینٹ چڑھنے والے فلسطینی اور یمنی بچے، دہشت گرد قرار دیئے جائیں ۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا کہ ابلاغیاتی ادارے، مظلوموں کی آواز بن سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ ابلاغیاتی جنگ کا دور ہے اور آئی آر آئی بی کی عالمی سروس اپنی حقیقت بیانی سے دشمن کے ابلاغیاتی اداروں کا اعتبار ختم کرسکتی ہے ۔انھوں نے کہا کہ آئی آر آئی بی کی عالمی سروس چونکہ حقیقت بیان کرتی ہے اس لئے اس جنگ میں اس کی کامیابی یقینی ہے۔ جنرل سلامی نے کہا کہ بڑی طاقتیں باطل ہونے کی وجہ سے ختم ہو رہی ہیں، پسپا ہورہی ہیں، اور میدان چھوڑ رہی ہیں ۔

 

 

ٹیگس