اقتصادی ترقی کے لئے تیز رفتار اقدامات کی ضرورت پر ڈاکٹر لاریجانی کی تاکید
مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے اقتصادی ترقی کے لئے تیز رفتار اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے صوبہ قم کے صوبائی اور مقامی حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں اقتصادی ترقی و پیشرفت کا میدان ہموار ہے اور ایران کے ماہر اور باصلاحیت نوجوانوں کی میدان میں موجودگی کی وجہ سے ایران کا مستقبل بھی تابناک ہے۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے، کہ ایران کی آج کی ضرورت اقتصادی میدان میں ترقی و پیشرفت ہے، کہا کہ مدبرانہ اقدامات کے ذریعے اقتصادی ترقی کے لئے تیز رفتار اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے حالات سازگار ہیں کہا کہ اگر تدبیر اور حوصلے کے ساتھ کام کیا جائے تو ملک میں پائی جانے والی توانائیوں اور استعداد سے بخوبی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔