بین الاقوامی مالیاتی نظام میں ایران کی دوبارہ شمولیت، لندن میں بین الاقوامی کانفرنس
بین الاقوامی مالیاتی نظام میں ایران کی دوبارہ شمولیت کے موضوع پر کانفرنس کا انعقاد لندن میں عمل میں آیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جمعرات کو ہونے والی اس ایک روزہ کانفرنس میں ایران، یورپی یونین اور برطانیہ کے بینکوں اور مالی شعبوں سے متعلق اعلی عہدیدار شامل ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق اس کانفرنس کا انعقاد "یورو منی" ادارے اور ایران کے مرکزی بینک کے تعاون سے ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس کانفرنس کا مقصد بین الاقوامی اقتصادی سوسائٹی میں ایرانی بینکوں کی واپسی کے لئے ضروری اقدامات کا جائزہ لینا ہے۔ پابندیوں کے خاتمے کے بعد بین الاقوامی بینکاری اور عالمی مالیاتی سوسائیٹی میں اپنی پہلے والی پوزیشن کے حصول کے لئے ایران کو درپیش چیلنجون کا جائزہ نیز سرمایہ کاری کے بازار میں موجود مواقع کا جائزہ لینا بھی اس کا نفرنس کے اہداف میں شامل ہے۔
یہ کانفرنس بین الاقوامی بینکاروں اور سرمایہ داروں کے لیے ایران کے اقتصاد اور مالیات کے شعبوں سے متعلق اعلی عہدیداروں کے سامنے تعاون کے ماحول میں براہ راست طور پر اپنے مسائل پیش کرنے کا موقع ہے۔