ایرانی تیل کی برآمدات میں اضافہ
ایرانی تیل کی برآمدات کی سطح دوگنی ہوگئی ہے ۔
حکومت ایران کے ترجمان محمد باقر نوبخت نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ ایک سال میں ایرانی تیل کی برآمدات کی سطح بڑھ کے دوگنی ہوگئی ۔ انھوں نے کہا کہ امریکا سے ایرانی اثاثوں میں سے ایک اعشاریہ سات ارب ڈالر کی واپسی، اور اسی طرح ایرانی تیل کی برآمدات میں دوگنے اضافے سے اس بات کی عکاسی ہوتی ہے کہ ایران کے خلاف عائد پابندیاں ٹوٹ چکی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پابندیوں کے خاتمے کے بعد ایران کی تیل کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ حکومت ایران کے ترجمان نے مزید کہا کہ آج اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی معاہدوں کے لئے دنیا کے مختلف خطے کے ملکوں بالخصوص یورپی ملکوں کے وفود کی لگاتار آمد کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔
حکومت ایران کے ترجمان نے فرانس اور آل سعودی کی جانب سے بدنام زمانہ دہشت گرد گروہ ایم کے او کی حمایت کے بارے میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے اس سلسلے میں صراحت کے ساتھ ایران کے موقف کا اعلان کیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردی اور بدنام زمانہ دہشت گرد گروہ ایم کے او ، کے خلاف مہم جاری رکھے گا۔