اوپیک کے غیر رکن ممالک بھی تیل کی پیداوار میں کمی پر متفق
ایران کے وزیر پیٹرولیم نے کہا ہے کہ اوپیک کے غیر رکن ممالک بھی تیل کی پیداوار میں کمی کے فیصلے پر عملدرآمد کریں گے۔
ویانا میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کے وزیرپیٹرولیم پیژن نامدار زنگنے نے کہا کہ اوپیک کے غیر رکن ممالک بھی جنوری دوہزار سترہ سے خام تیل کی پیداوار میں کمی پر عملدرآمد شروع کردیں گے۔
ایران کے وزیر پیٹرولیم نے تیل کی پیداوار میں کمی کے سمجھوتے کو اوپیک اور غیراوپیک دونوں ملکوں کے لئے ایک تاریخی سمجھوتہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی اس بات کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کہ اوپیک کے غیر رکن ممالک اپنی پیداوار میں کس قدر کمی کریں گے۔
بیژن نامدار زنگنے نے بتایا کہ اوپیک کے اجلاس میں شرکت کرنے والے دیگر ممالک نے تنطیم کے اغراض و مقاصد کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ تیل پیدا کرنے والے اوپیک کے رکن اور غیر رکن ملکوں کا اجلاس آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ہونے والا ہے جس میں تیل کی قیمتوں میں استحکام پیدا کرنے کی غرض سے مختلف اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
اس سے پہلے اوپیک کے رکن ملکوں نے تیس نومبر کو ہونے والے غیر معمولی اجلاس کے دوران، تیل کی پیداوار میں بائیس لاکھ بیرل یومیہ کمی کرنے پر اتفاق کیا تھا۔