فلپائن کی ایران سے تیل کی خریداری میں دلچسپی
فلپائن نے چار ملین بیرل ماہانہ تیل خریدنے کی غرض سے ایران کے ساتھ مذاکرات شروع کر دیئے ہیں۔
فلپائن کی قومی تیل کمپنی کے مینیجنگ ڈائریکٹر پیدرو آکینو نے ایران سے تیل کی خریداری کے منصوبے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ فلپائن کی حکومت، ایران میں تیل کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کا مقصد توانائی کے اہم ذریعے کے طور پر ایران سے طویل عرصے تک تیل حاصل کرنا ہے۔
ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان ہونے والے جامع ایٹمی معاہدے کے بعد سے دنیا کے بیشتر ممالک، ایران کے ساتھ تیل کی خریداری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
پچھلے چند ماہ کے دوران یورپی ملکوں کے لیے ایران کے تیل کی سپلائی میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق یورپی ممالک ایران سے اوسطا پانچ سے چھے لاکھ بیرل تیل خرید رہے ہیں۔
یورپ کے لیے ایرانی تیل کی برآمدات میں اضافے کے باوجود ایشیائی ممالک ہی ایرانی تیل کی اہم منڈی شمار ہوتے ہیں۔
ایران اس وقت بیس لاکھ بیرل سے زیادہ تیل ایشیائی ممالک کو برآمد کر رہا ہے۔