Feb ۰۸, ۲۰۱۷ ۱۴:۰۰ Asia/Tehran
  • ایران اور ونزوئیلا کے درمیان اوپک کے تناظر میں تعمیری تعاون

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر پیٹرولیئم نے کہا ہے کہ اوپک کے رکن ممالک کو دوسری شش ماہی میں تیل کی پیداوار میں مزید کمی کرنے کی ضرورت ہے۔

 تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپک نے تیس نومبر دو ہزار سولہ میں تیل کی پیداوار میں روزانہ ایک ملین دو لاکھ بیرل کمی کرنے اور اسے دو ہزار سترہ کی پہلی شش ماہی میں روزانہ بتّیس ملین  پانچ لاکھ تک پہنچانے کا فیصلہ کیا تھا- 

روس، عمان اور میکسیکو جیسے ممالک نے بھی، جو اوپک میں شامل نہیں ہیں، وعدہ کیا تھا کہ وہ یکم جنوری دو ہزار سترہ سے تیل کی پیداوار میں روزانہ پانچ لاکھ، اٹھاون ہزار بیرل کی کمی کر دیں گے- 

ایران کے وزیر پیٹرولیئم بیژن زنگنہ نے تہران میں ونزوئیلا کی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تیل کی عالمی منڈی کو دو ہزار سترہ کی پہلی شش ماہی میں اپنے تیل کی پیداوار میں تھوڑا کمی کرنے کی ضرورت ہے تاہم اس پر غور و خوض کیا جانا چاہئے-  بیژن زنگنہ نے تہران میں ونزوئیلا کی وزیر خارجہ اور وزیر توانائی کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور ونزوئیلا کے تعلقات اسٹریٹیجک رہے ہیں اور ایک طویل عرصے سے اوپک میں دونوں ملکوں کا موقف مشترکہ رہا ہے - ونزوئیلا کے وزیر توانائی نیلسن پابلو مارٹینز نے بھی اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کے وزیر پیٹرولیئم سے ان کے مذاکرت بہت اچھے اور مفید رہے ہیں، کہا کہ خام تیل کی عالمی منڈی کے موجودہ حالات سے پتہ چلتا ہے کہ اوپک کے رکن اور غیر رکن ممالک کے درمیان تعاون اور تیل کی پیداوار کم کرنے کے پروگرام پر عمل درآمد کا، تیل کی قیمتوں اور تیل کی منڈی پر مثبت اثر پڑا ہے اور تیل پیدا کرنے والے ممالک، مطلوبہ حد تک اپنے تیل کی پیداوار میں کمی کرنے کے پابند رہے ہیں- درایں اثنا ونزوئیلا کی وزیر خارجہ ڈلسی روڈریگز نے ایران کے وزیر پیٹرولیئم سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر تہران اور کاراکاس کے تعلقات اسٹریٹیجک اہمیت کے حامل رہے ہیں اور ایران و ونزوئیلا نے مختلف میدانوں خاص طور سے تیل کے شعبے میں بڑے پیمانے پر تعاون کیا ہے-

ایران اور ونزویلا مختلف میدانوں میں وسیع تعاون کے حامل ہیں اور منگل کی رات تہران میں ونزوئیلا کے وزرائے خارجہ و پیٹرولیئم کے ساتھ ایران کے وزیر پیٹرولیئم کی ملاقات میں تہران کاراکاس تعلقات کے مختلف پہلؤوں کا جائزہ لیا گیا۔

-

ٹیگس