Aug ۱۶, ۲۰۱۸ ۱۷:۰۲ Asia/Tehran
  • ایران سے ہندوستان کے لیے تیل کی سپلائی میں اضافہ

ایران سے ہندوستان کے لیے تیل کی برآمدات میں سترہ فی صد کا اضافہ ہوا ہے۔

رویٹر نے خبردی ہے کہ جون کے مقابلے میں جولائی کے مہینے میں ہندوستان نے ایران سے سترہ فی صد زیادہ تیل درآمد کیا ہے اور یہ مقدار یومیہ سات لاکھ اڑسٹھ ہزار بیرل تک پہنچ گئی ہے جبکہ جون کے مہینے میں یہ مقدار پانچ لاکھ بانوے ہزار آٹھ سوبیرل یومیہ تھی۔
خبروں میں بتایاگیا ہے کہ جولائی دوہزار سترہ کے مقابلے میں جولائی دوہزار اٹھارہ میں ایران سے ہندوستان کے لیے تیل کی سپلائی میں پچاسی فی صد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
گذشتہ سات مہینوں میں یعنی جنوری سے جولائی تک ایران سے ہندوستان کے لیے تیل کی سپلائی اوسطا چھے لاکھ گیارہ ہزار بیرل یومیہ تھی۔
اس درمیان جولائی دوہزار اٹھارہ میں عمان، عراق، کویت، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے ہندوستان کے لیے تیل کی سپلائی میں کمی واقع ہوئی ہے۔
ہندوستان کی حکومت نے امریکا پر واضح کردیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف واشنگٹن کی یکطرفہ پابندیوں کو قبول نہیں کرے گا اور ایران سےتیل کی خریداری جاری رکھےگا۔
امریکی صدر ٹرمپ نے دعوی کیا ہے کہ وہ نو مبر تک ایران کے تیل کی برآمدات کوصفر تک پہنچادیں گے جبکہ دنیا کے بیشتر ملکوں نے کہا ہے کہ وہ امریکی پابندیوں کو قبول نہیں کرتے۔

ٹیگس