چابہارسے ہندوستان کیلئے افغانستان کی پہلی تجارتی کھیپ روانہ
Feb ۲۶, ۲۰۱۹ ۱۰:۰۶ Asia/Tehran
ایران کی جنوبی بندرگاہ چابہارکے ذریعے ہندوستان کے لئے افغانستان کی پہلی تجارتی کھیپ کو روانہ کردیا گیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان کے ادارہ جہاز رانی کے ڈائریکٹر جنرل بہروز آقائی نے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی تجارتی کھیپ 23 کینٹینرز پر مشتمل ہے جس میں اناج اور قیمتی پتھرہیں.
ایرانی عہدیدار کا کہنا تھا کہ چابہار بندرگاہ کے ذریعے سالانہ ساڑھے 8 لاکھ ٹن سامان بھیجنے اور اتارنے کی گنجائش موجود ہے اور چابہار سے افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں تک با آسانی رسائی حاصل ہوگی.
واضح رہے کہ افغانستان کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر خان جان الکوزی نے کہا ہے کہ افغانستان میں تاجر برادری اور کاروباری حلقے چابہار بندرگاہ کو مصنوعات کی ترسیل اور درآمدات کے لئے ایک اہم ذریعہ سمجھتے ہیں.