ایران: چابہار بندرگاہ سے ٹرانزیٹ کے عمل کا آغاز
افغانستان میں ایران کے سفیر نے چابہار بندرگاہ سے افغانستان کی اشیا کی منتقلی کو اس راستے سے دیگر ملکوں کی جانب سے ٹرانزیٹ کا عمل شروع کئے جانے کا نقطہ آغاز قرار دیا۔
کابل میں ایران کے سفیر محمد رضا بہرامی نے چابہار بندرگاہ کے راستے ہندوستان کے لئے افغانستان کی اشیا کی منتقلی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام دو ہزار سولہ میں ایران، ہندوستان اور افغانستان کے درمیان طے پانے والے سہ فریقی سمجھوتے پر عمل درآمد کا نقطہ آغاز ہے۔
انھوں نے کہا کہ چابہار بندرگاہ سے اس قسم کا فائدہ اٹھائے جانے کا مقصد رقابت نہیں بلکہ کم اخراجات میں اشیا کی منتقلی ہے اور یہ سب کے مفاد میں ہے۔
انھوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے مرحلے میں چابہار بندرگاہ سے دیگر ممالک بھی فائدہ اٹھا کر اقتصادی طور پر اس بندرگاہ کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑ جائیں گے۔
واضح رہے کہ چابہار کے راستے ہندوستان کے لئے افغانستان کی برآمداتی اشیا کی پہلی کھیپ چوبیس فروری کو روانہ ہوئی تھی۔ اس موقع پر افغانستان کے صدر کے علاوہ کابل میں ایران، ہندوستان اور ترکی کے سفیر بھی موجود تھے۔