ایران پاکستان سرحدی تجارت کے فروغ پر تاکید
ایران اور پاکستان نے سرحدی تجارت کے حوالے سے باہمی تعاون کے فروغ پر زور دیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کے معاون خصوصی سید رسول موسوی اور پاکستان کے صوبے بلوچستان کے گورنر امان اللہ یاسین زئی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سرحدی تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی وزیر خارجہ کے معاون خصوصی سید رسول موسوی نے کہا کہ ایران، سرحدی تجارت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
ایران وزیر خارجہ کے معاون خصوصی نے کوئٹہ میں ایوان صنعت و تجارت کے ارکان سے بھی ملاقات کی اور ریلوے کے شعبے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے تہران کی آمادگی کا اعلان کیا۔
سید رسول موسوی نے بلوچستان کے قبائلی عمائدین کے ساتھ ملاقات میں مشترکہ سرحدوں پر سیکورٹی میں اضافے کی ضرورت زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ سرحدی تجارت میں اضافے کے لیے سرحدی سیکورٹی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔
ایرانی وفد اور صوبہ بلوچستان کے اعلی عہدیداروں کے درمیان ملاقاتوں میں زمینی راستے سے ایران آنے والے زائرین کے لیے سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔