ہندوستان اور پاکستان کے فوجی حکام کے درمیان فلیگ میٹنگ
Sep ۲۲, ۲۰۱۵ ۱۰:۵۸ Asia/Tehran
ہندوستان اور پاکستان کے فوجی حکام کے درمیان کشمیر کے علاقے میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کے واقعات کو ختم کرنے کے مقصد سے فلیگ میٹنگ ہوئی ہے-
موصولہ رپورٹ کے مطابق یہ میٹنگ پیر کی شام کو ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پونچھ کے چاکن دا باغ کراسنگ پوائنٹ پر ہوئی جو بریگیڈ کمانڈر سطح کی تھی-اس میٹنگ میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی حالیہ سرحدی کشیدگی اور جنگ بندی کی خلاف ورزی پر بات چیت ہوئی- میٹنگ ایک گھنٹے تک جاری رہی- میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی وزارت دفاع کے ترجمان ایس این آچاریہ نے بتایا کہ فلیگ میٹنگ کے دوران کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی اور شہری آبادی کو نشانہ بنائے جانے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا-
ترجمان کے مطابق دونوں ممالک کے فوجی حکام نے سرحدی کشیدگی کم کرنے کی اہمیت پر زور دیا- اطلاعات کے مطابق میٹنگ میں تحمل سے کام لینے اور کشیدگی دور کرنے کے اقدامات پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اس میٹنگ میں بریگیڈیئر ایچ ایس سرین نے ہندوستان کی نمائندگی اور بریگیڈیئرعثمان نے پاکستان کی نمائندگی کی-
پاکستان اور ہندوستان کے درمیان دو ہزار تین میں جنگ معاہدہ ہونے کے باوجود دونوں ملکوں کی سرحد پر، خاص طور سے کشمیر کے علاقے میں، جھڑپیں ہوتی رہی ہیں- ہندوستان اور پاکستان ہمیشہ ایک دوسرے پر سرحدی علاقے میں فائرنگ شروع کرنے کا الزام لگاتے ہیں-