Sep ۲۶, ۲۰۱۵ ۲۰:۲۷ Asia/Tehran
  • سلامتی کونسل میں اصلاح کی ضرورت پر ہندوستانی وزیر اعظم کی تاکید
    سلامتی کونسل میں اصلاح کی ضرورت پر ہندوستانی وزیر اعظم کی تاکید

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاح کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتے کے روز نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں پائیدار ترقی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ساکھ کے تحفظ کے لئے اس کونسل میں اصلاح کی ضرورت پر تاکید کی۔
 انہوں نے کہا کہ وہ سلامتی کونسل میں اصلاح اور اس کونسل میں ہندوستان کی مستقل رکنیت کے لئے سلامتی کونسل کے اراکین کو قائل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
 نریندر مودی نے کہا کہ عالمی برادری کو اقوام متحدہ کے ڈھانچے میں اصلاح کرکے سلامتی کونسل کی ساکھ اور وقار میں اضافے کی کوشش کرنی چاہئے۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نیویارک میں اپنے قیام کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہندوستان کی مستقل رکنیت کے سلسلے میں سلامتی کونسل کی رکنیت حاصل کرنے کے خواہاں برازیل اور جرمنی جیسے دیگر ممالک کے لیڈروں سے بھی ملاقات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
 واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں برازیل، جرمنی، جاپان اور ہندوستان نے سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کا مطالبہ مختلف مواقع پر کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پندرہ اراکین میں پانچ رکن ممالک کو مستقل رکنیت اور ویٹو کا حق حاصل ہے۔

ٹیگس