نریندر مودی کا سرینگر کا دورہ، ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے لیے اسی ہزار کروڑ روپے کے پیکج کا اعلان
ہندوستان کے وزیر اعظم نے کشمیر کے لئے اسی ہزار کروڑ روپئے کے پیکج کا اعلان کیا ہے ۔
ہندوستانی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نریندر موردی نے سنیچر کو سرینگر کے شیر کشمیر اسٹیڈیم میں ایک عوامی جلسے سے خطاب میں کہا کہ یہ مالی پیکج صرف ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے لئے ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ کشمیر کو جنت میں تبدیل کرنا اور اس خطے کی روز افزوں ترقی دیکھنا چاہتے ہیں۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی اس طرح کشمیری عوام کی توجہ اپنی جانب مبذول کرنا چاہتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کے سرینگر پہنچنے سے پہلے ہی پولیس نے میر واعظ عمر فاروق اور سید علی شاہ گیلانی سمیت سینیئر حریت رہنماؤں کو ان کے گھروں میں نظر بند اور ان کے سیکڑ وں طرفداروں کو گرفتار کر لیا تھا۔ اسی کے ساتھ فوج اور سیکورٹی دستوں نے دو دن پہلے سے ہی شہر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا تھا۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی حکومت نے سنیچر کو سرینگر کے اسکولوں،کالجوں اور یونیورسٹیوں میں چھٹی کا اعلان کر دیا تھا۔