جلال آباد میں ہندوستانی قونصلیٹ پر دہشت گردانہ حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا: افغان ذرائع کا اعلان
افغان ذرائع نے جلال آباد میں ہندوستانی قونصلیٹ پر ایک دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنا دیئے جانے کی رپورٹ دی ہے۔
کابل سے موصولہ رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صوبہ ننگر ہار کے گورنر کے ترجمان عطاء اللہ خوگیانی نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ ناصر نام کا ایک دہشت گرد جلال آباد میں ہندوستانی قونصلیٹ کی عمارت میں داخل ہو کر اس کو دھماکے سے اڑا دینا چاہتا تھا لیکن افغان انٹیلیجنس کے اہلکاروں نے اس کو بروقت گرفتار کر کے یہ سازش ناکام بنا دی۔
ننگر ہار کے گورنر کے ترجمان نے بتایا ہے کہ مذکورہ دہشت گرد نے تفتیش کے دوران اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ وہ ہندوستانی قونصلیٹ پر حملہ کرنا چاہتا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ افغان سیکورٹی اہلکاروں نے ایک مہینے قبل بھی شہر جلال آباد میں ہندوستانی قونصلیٹ کی عمارت کے قریب سے دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا جن کے پاس سے سو کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا تھا۔
جلال آباد میں ہندوستانی قونصلیٹ پر چند سال قبل دہشت گردانہ حملہ ہو چکا ہے ۔ اس حملے میں بہت سے عام افغان شہری مارے گئے تھے۔