ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان سرمایہ کاری کے معاہدے پر مذاکرات
ہندوستان اور یورپی یونین نے سرمایہ کاری کے لئے معاہدے پر مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے برسلز میں یورپی یونین کے اجلاس میں شرکت کی جس میں دونوں فریقوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے معاہدے کے لئے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ خارجہ امور اور سیکورٹی معاملات میں دونوں کی شراکت داری ہو گی اور یورپین انوسٹمنٹ بینک لکھنؤ میں میٹرو لائن منصوبے پر عمل کے لئے پینتالیس کروڑ یورو کا قرضہ فراہم کرے گا۔
البتہ اس اجلاس میں فریقین ہندوستان اور اطالوی میرینز کا چار سال پرانا تنازع حل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نے بیلجیئم کے تاجروں کو اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت بھی دی۔ ہندوستان اور بیلجیئم کے وزرائے اعظم نے ایشیاء کے سب سے بڑے آپٹیکل ٹیلی اسکوپ کا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے افتتاح بھی کیا۔ یہ ٹیلی اسکوپ ہندوستان کی ریاست اتراکھنڈ میں دونوں ملکوں کے درمیان سائنسی تحقیقات میں تعاون کے لئے استعمال کیا جائے گا۔