ہندوستان: مالیگاؤں دہشت گردانہ بم دھماکے کے ملزمین الزامات سے بری، اپوزیشن جماعتوں کی حکومت پر تنقید
ہندوستان کی مختلف سیاسی جماعتوں نے مالیگاؤں دہشت گردانہ بم دھماکے کے ملزمین کو الزامات سے بری کئے جانے کے طریقہ کار کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ہندوستان کی حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس پارٹی نے حکومت پر مالیگاؤں دھماکے کے معاملے میں قومی تفتیشی ایجنسی این آئی اے کے غلط استعمال کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ معاملے میں آر ایس ایس اور بی جے پی کے افراد کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کانگریس نے مطالبہ کیا ہے کہ اس پورے معاملے کی سپریم کورٹ کی نگرانی میں جانچ کرائی جائے۔
کانگریس پارٹی کے میڈیا سیل کے انچارج رندیپ سرجے والا نے کہا کہ این آئی اے کو بقول ان کے مودی حکومت نے نموانویسٹی گیشن ایجنسی بنا دیا ہے اور اس کا استعمال بی جے پی اور آر ایس ایس سے وابستہ سادھوی پرگیا ٹھاکرے جیسے ان ملزمان کو کلین چٹ دینے کے لئے کیا جا رہا ہے جو اس معاملے میں ملزم ہیں۔
کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ حکومت کس طرح سے بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگوں کو بچانے کی کوشش کررہی ہے اس کا انکشاف سرکاری وکیل محترمہ روہنی سالوان کے اس حلف نامے سے ہوتا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ حکومت نے ان سے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کے لیڈروں کو اس معاملے میں ڈھیل دینی ہے تاکہ انہیں بے قصور ثابت کیا جا سکے۔
بائیں بازو کی جماعت سی پی آئی ایم کی پولٹ بیورو نے بھی مالیگاؤں دہشت گردانہ بم دھماکے کے ملزمان کو کلین چٹ دئے جانے کے طریقہ کار کی مذمت کی ہے- سی پی آئی ایم کی پولٹ بیورو کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ بی جے پی حکومت کے دور میں اس قسم کے تمام الزامات کے ساتھ سمجھوتہ کیا جائے گا جبکہ ہندوستان کی پارلیمنٹ نے کئی بار اس بات پر متفقہ طور پر زور دیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ سی پی آئی ایم نے کہا ہے کہ ہندوتو کی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف الزامات ختم کر کے بی جے پی حکومت صاف طور پر دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی لڑائی پر سمجھوتہ کر رہی ہے۔
آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے قومی صدر اور رکن پارلیمنٹ مولانا بدرالدین اجمل قاسمی نے بھی مالیگاؤں دہشت گردانہ بم دھماکے کی کلیدی ملزمہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر سمیت کئی ملزمان کو کلین چٹ دئے جانے کو تشویش ناک اور حیرت ناک قراردیا ہے -انہوں نے کہاکہ این آئی اے نے سادھوی پرگیہ اور اس کے ساتھیوں کو کلین چٹ دے کر اس وقت کے مہاراسٹر کے اے ٹی ایس کے سربراہ ہیمنت کرکرے کے ذریعے بھگوا دہشت گردی سے نقاب اتارنے کی ساری محنت پر پانی پھیر دیا ہے جس کے لئے انہوں نے اپنی جان تک قربان کر دی تھی۔