ہندوستان میں تیار کیا جانے والا ہلکا لڑاکا طیارہ ہندوستانی فضائیہ میں شامل
ہندوستان میں مقامی سطح پر تیار کئے جانے والے طیارے تیجس نے جمعے کو ہندوستانی فضائیہ میں باقاعدہ شمولیت حاصل کرنے کے بعد پہلی بار باضابطہ طور پر پرواز کی۔
ہندوستانی ماہرین کے ہاتھوں تیار کیا جانے والا یہ جنگی طیارہ تینتیس سال تک تیاری کے مراحل سے گذرتا رہا اور بالآخر جمعہ کو اسے ہندوستانی فضائیہ کے بیڑے میں شامل کر لیا گیا اور اس نے پہلی بار پرواز کی-
ہندوستانی فضائیہ نے بنگلورمیں اس موقع پر جشن منایا- ہندوستان کی مرکزی حکومت نے فوج پر زور دیا ہے کہ وہ ہلکے تیجس لڑاکا طیارے کے مکمل ورژن کو تسلیم کر کے جہازوں کی کمی کے مسئلے کو حل کرے-
اس موقع پرہندوستان کے وزیر دفاع منوہر پاریکر نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ قومی وقار کا لمحہ ہے- تیجس ہماری طاقت کو نئی اونچائیوں پر پہنچا دے گا-
ماہرین کا کہنا ہے کہ تیجس میں جو ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے اس کی وجہ سے یہ طیارہ ریڈار پر نظر نہیں آسکے گا- ہندوستانی فضائیہ اب تک روس، فرانس اور برطانیہ کے لڑاکا طیاروں کو ہی خریدتی رہی ہے اور اس کا فضائی بیڑا انہیں ملکوں سے خریدے گئے جہازوں پر مشتمل ہے-