Jul ۲۳, ۲۰۱۶ ۱۶:۰۰ Asia/Tehran
  • وادی کشمیر میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں ہفتے کو بھی پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا جن کےدوران متعدد افراد زخمی ہوگئے - اس درمیان مرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے وادی میں امن و قانون کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے سری نگر کا دورہ کیا ہے۔

سری نگر سے ہمارے نمائندے نےخبردی ہے کہ ریاستی حکومت نے بعض اضلاع سے کرفیو ہٹانے کی کوشش لیکن اسی دوران دوبارہ پرتشدد مظاہرے ہوئے جن میں متعدد افراد زخمی ہوگئے -

سری نگر کے پائین شہرمیں بھی بڑی تعداد میں لوگوں نےسڑکوں پر نکل کرمظاہرہ کیا خبروں میں بتایا گیا ہے کہ سیکورٹی فورس کے اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان کافی دیر تک جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا ہے۔ جنوبی کشمیر سے بھی اطلاعات ہیں کہ مظاہروں کے دوران سیکورٹی فورس کے اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں -

وادی کشمیر میں پچھلے پندرہ روز سے جاری پرتشدد مظاہروں کے دوران پچاس سے زائد کشمیری نوجوان سیکورٹی فورس اور پولیس کے ہاتھوں جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ ساڑھے تین ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں جن میں دسیوں افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے-

کشمیر سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ زخمیوں میں دسیوں افراد اپنی بینائی سے محروم ہوچکےہیں- اس درمیان وادی کشمیر میں امن و قانون کی صورتحال کا جائزہ لینے کےلئے ہندوستان کے مرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے کشمیر کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نےریاست کی وزیراعلی محبوبہ مفتی اور ریاستی گورنر این این ووہرا سے ملاقات کی - راج ناتھ سنگھ نے اعلی سیکورٹی حکام کے ساتھ بھی  ایک اجلاس کیا - راج ناتھ سنگھ کے ہمراہ اعلی سیکورٹی افسران نے بھی سری نگر کا دورہ کیا - دوسری جانب ریاستی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے کپواڑہ کا دورہ کرکے ان خاندانوں سےملاقات کی ہے جن کے افراد مظاہروں کے دوران مارے گئے ہیں

ٹیگس