ہندوستان اور نیپال کے درمیان کئی معاہدوں پر دستخط
ہندوستان اور نیپال کے وزرائے اعظم نے تین معاہدوں پر دستخط کرنے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی، اقتصادی، سیاسی اور سیکورٹی تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی اور نیپال کے وزیراعظم کمل دہل پرچنڈ نے نئی دہلی میں دو طرفہ ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا جس میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے ایک نئے دور کے آغاز کے لیے دونوں ملکوں کے عزم پر زور دیا۔
ہندوستانی وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان سیکورٹی، تجارت اور ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے سمجھوتوں پر دستخط کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی، نیپال کو زلزلے سے متاثرہ علاقوں کی تعمیرنو کے لیے ڈیڑھ سو ملین ڈالر کی رقم فراہم کرے گا۔
نیپال کے وزیراعظم نے نئی دہلی کے دورے پر روانہ ہونے سے قبل کٹھمنڈو میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیپال اور ہندوستان کے تعلقات کہ جو کچھ عرصہ پہلے کشیدہ ہو گئے تھے، بہتر ہو جائیں گے۔