امرتسر میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا آغاز
افغانستان میں قیام امن سے متعلق چھٹی بین الاقوامی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس سنیچرکو ہندوستان کے شہر امرتسر میں شروع ہوگئی-
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور افغان صدر اشرف غنی اس دو روزہ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اتوار کو اس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ ایرانی وزیر خارجہ ایک اعلی سطحی سیاسی و اقتصادی وفد کے ہمراہ نئی دہلی پہنچے ہیں۔
افغانستان میں جنگ و تشدد کا خاتمہ، سیکورٹی اور امن و استحکام کی برقراری اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جیسے مسائل اس دوروزہ کانفرنس میں زیربحث آنے والے موضوعات میں شامل ہیں۔
افغانستان میں قیام امن سے متعلق پہلی کانفرنس 2011ء میں استنبول میں ہوئی تھی- ایران، افغانستان ،ہندوستان ،پاکستان ،چین ،ترکی ،سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات، تاجیکستان، ترکمنستان، قزاقستان، جمہوریہ آذربائیجان، قرقیزستان اور روس ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے ممبرممالک ہیں۔