پاکستان میں9 محرم کا جلوس سخت سکیورٹی میں برآمد
نواسہ رسول حضرت امام حسین (ع) اور آپ کے اصحاب و انصارکی میدان کربلا میں قربانی کی یاد میں آج پاکستان اور ہندوستان میں9 محرم کا جلوس سخت سکیورٹی میں برآمد ہو گیاہے۔
ان ماتمی جلوسوں میں لاکھوں عزاداران حسینی سینہ زنی، نوحہ خوانی اور اشک غم بہا کر امام عالیمقام کو نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے تقریبا ایک بجے برآمد ہوگا ۔
سکیورٹی کے پیش نظر آج بھی کراچی ، لاہور ، پشاور اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند ہےجبکہ کراچی اور پشاور میں 3دن تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی جبکہ پنجاب میں یوم عاشور پر سکیورٹی کے لیے فوج اور رینجرز سے مدد طلب کرلی گئی ہے ۔
ڈبل سواری پر پابندی، موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رکھنےکا فیصلہ امن و امان یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے ۔
آج اور کل راولپنڈی اسلام آباد میں میٹرو سروس بھی معطل رہے گی۔ گزشتہ روز بھی سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس دن بھر بند رہی تھی۔