Aug ۱۷, ۲۰۱۸ ۰۸:۴۶ Asia/Tehran
  • واجپئی کی آخری رسوم کی ادائیگی، 7 روزہ سوگ

ہندوستان کے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کی آخری رسوم راج گھاٹ کے نزدیک آج شام اداکی جائے گی ۔

ہندوستان کے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کا کل 93 سال کی عمر میں انتقال ہوا ۔ انہوں نے ایمس میں پانچ بج کر پانچ منٹ پر آخری سانس لی ۔ ان کی موت سے ملک بھر میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔

مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 22 اگست تک سات دنوں کا قومی سوگ رہے گا ۔ نئی دہلی میں واقع اسمرتی استھل پر سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی ۔ سبھی مرکزی اور پی ایس یو میں کل آدھے دن کی تعطیل رہے گی ۔ 22 اگست تک ملک اور بیرون ممالک ہندوستانی سفارت خانوں اور قونصلیٹ میں قومی جھنڈے آدھے جھکے رہیں گے۔

ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند، وزیراعظم نریندرمودی ،سابق صدرجمہوریہ پرنب مکھرجی ،سابق وزیراعظم منموہن سنگھ ،سابق نائب وزیراعظم لال کرشن اڈوانی ،ترقی پسند اتحاد کی چیئرپرسن سونیاگاندھی نے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کے جسدخاکی پر گلہائے عقیدت پیش کئے ۔

پاکستان نے اٹل بہاری واجپائی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ اور ہندوستانی عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق سابق وزیراعظم کو 11 جون کو گردوں میں تکلیف کے باعث نئی دہلی کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ زیرعلاج رہنے کے بعد کل شام زندگی کی بازی ہار گئے۔

اٹل بہاری واجپائی  کا شمار بھارتیہ جنتا پارٹی کے بانی ارکان میں ہوتا ہے، انہوں نے 1996 میں 13 دن کے لیے وزیراعظم کا منصب سنبھالا جب کہ دوسری بار 1999-1998 کے درمیان 13 ماہ کے لیے ملک کے وزیراعظم رہے، اس کے بعد وہ 1999 سے 2004 تک پانچ سالہ مدت کے لیے وزیراعظم رہے جب کہ 2005 میں خرابی صحت کے باعث انہوں نے سیاست کو خیر باد کہہ دیا تھا۔

ٹیگس