ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں تشدد کے واقعات
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں سیکورٹی فورس اور عسکریت پسندوں کے درمیان خونریز جھڑپ کے بعد وادی کے مختلف علاقوں میں ہوئے مظاہروں کے دوران کم سے کم سات افراد ہلاک ہو گئے۔
سری نگر سے ہمارے نمائںدے نے خبر دی ہے کہ جنوبی کشمیر کے پلواما ضلع میں سیکورٹی فورس کے اہلکاروں اور حزب المجاہدین کے عسکریت پسندوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی جس میں حزب المجاہدین کے ایک کمانڈر سمیت تین عسکریت پسند اور سیکورٹی فورس کا ایک اہلکار ہلاک ہو گیا-
اس جھڑپ کے بعد مقامی لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر سیکورٹی فورس کے خلاف احتجاج کیا- سیکورٹی فورس نے بھی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے مبینہ طورپر فائرنگ کر دی جس میں اب تک کی اطلاع کے مطابق کم سے کم سات مظاہرین جاں بحق ہو گئے-
سیکورٹی فورس کی فائرنگ میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں متعدد افراد کی حالت نازک ہے-
عام شہریوں کی ہلاکت کے بعد وادی کے مختلف علاقوں میں بھی پرتشدد مظاہرے ہوئے جو بدستور جاری ہیں- حکام نے جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا-
وادی کے مختلف علاقوں میں صورت حال انتہائی کشیدہ بتائی جا رہی ہے اور مزاحمتی جماعتوں کے اتحاد نے عام شہریوں کی ہلاکتوں پر تین روز کے عام سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔