ہندوستان میں زہریلی شراب سے70 افراد ہلاک
Feb ۱۰, ۲۰۱۹ ۰۹:۰۷ Asia/Tehran
ہندوستان میں زہریلی شراب پینے سے 70 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔
ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے ضلع سہارنپور میں اب تک زہریلی شراب سے 70 لوگوں کی موت ہوچکی ہے حالانکہ ضلع انتظامیہ نے 46 افراد کے مرنے کی تصدیق کی ہے وہیں دوسری جانب کشی نگر میں 11لوگوں نے زہریلی شراب کی وجہ سے دم توڑ دیا ہے ۔ دونوں ہی اضلاع میں شراب پینے کے بعد حالت بگڑنے سے اسپتال میں علاج کے لئے آنے والے افراد کا سلسلہ ہنوز جاری ہے ۔
ریاست کے مشرقی اور مغربی حصے میں ایک ساتھ پیش آنے والے واقعہ کے بعد حرکت میں آئی حکومت نے پوری ریاست میں شراب مافیاوں کے خلاف کریک ڈاون شروع کردیا ہے۔ اس دوران ہزاروں لیٹر غیر قانونی شراب تلف کی جاچکی ہے جبکہ30 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے پاس سے ممنوعہ اشیاء، کچی شراب بنانے کے آلات اور دیگر چیزیں برآمد کی گئی ہیں۔