ہندوستان میں نائب صدر کے انتخاب کے تعلق سے سرگرمیاں شروع ہوگئي ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کے حکمراں این ڈی اے نے مہاراشٹر کے گورنر سی پی رادھا کرشنن کو اپنا امیدورار نامزد کردیا ہے۔
گورنر مہا راشٹر سی پی رادھا کرشنن کو اتوار کی شام حکمراں بھارتی جنتا پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ ميں متفقہ طور پر نائب صدر کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔
اس میٹنگ میں وزیر اعظم نریندر مودی، بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر جے پی نڈا، وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور دیگر اہم بی بے پی لیڈران موجود تھے۔
میٹنگ کے بعد بی جے پی پارٹی کے ہیڈ آفس میں ایک پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ نائب صدر کے الیکشن میں گورنر مہاراشٹر سی پی رادھا کرشنن حکمران اتحاد کے امیدوار ہوں گے ۔
یاد رہے کہ ہندوستان کے نائب صدر اور راجیہ سبھا کے اسپیکر جگدیپ دھنکڑ نے گزشتہ ماہ اچانک اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا ۔
استعفے کی وجہ صحت کی خرابی بتائی گئی تھی لیکن ہندوستان کی حزب اختلاف کے رہنماؤں نے اس سلسلے میں گہرے تحفظات کا اظہار اور مسٹر دھنکڑ کی صحت کے بارے میں حکومت سے وضاحت طلب کی تھی ۔