Aug ۱۸, ۲۰۲۵ ۱۵:۵۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ووٹ چوری کے الزامات پر ہنگامہ پارلیمنٹ کی کارروائي معطل

ہندوستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں حزب اختلاف کے اراکین نے مبینہ ووٹ چوری کے مسئلے میں زبردست ہنگامہ کیا جس کے نتیجے میں کارروائی پورے دن معطل رہی۔

سحرنیوز/ہندوستان:   نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ کے ایوان زیرین لوک سبھا میں کارروائی شروع ہوتے ہی، اپوزیشن اراکین نے مبینہ ووٹ چوری کا مسئلہ اٹھایا اور اس پر بحث کا مطالبہ شروع کردیا۔ رپورٹ کے مطابق حزب اختلاف کے راکین ہاتھوں میں پلے کارڈ لئے ایوان کے وسط میں آکر مبینہ ووٹ چوری کے خلاف نعرے لگانے لگے۔ 

اپوزیشن کے ہنگاموں کے دوران اسپیکر اوم برلا نے ایوان کی کارروائی شروع کی اوروقفہ سوالات کا اعلان کیا۔ مگرحزب اختلاف کے اراکین کی نعرے بازی بڑھنے کے بعد اسپیکر اوم برلا نے پہلے نعرے بازی کرنے والوں کو خبردار کیا اور پھر کارروائی ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔

 کم وبیش یہی صورتحال پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں دیکھی گئی۔ رپورٹوں کے مطابق راجیہ سبھا میں حکمراں اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان نعرے بازی ہوئی ۔

رپورٹ کے مطابق ووٹر لسٹ کے مسئلے میں دونوں دھڑے اپنے اپنے موقف اڑے رہے جس کی وجہ ایوان کی کارروائی معمول کے مطابق نہ چل سکی۔ 

دہلی سے ہمارے نمائندے کے مطابق لوک سبھا اور راجیہ سبھا، دنوں ایوانوں میں پہلے کارروائی بارہ بجے اور دو بجے دن تک کے لئے اور پھر پورے دن کے لئے ملتوی کردی گئی ۔ 

یاد رہے کہ ہندوستانی پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کو چار ہفتے ہوگئے لیکن اس درمیان ایوان ہنگاموں کا میدان بنا رہا اور کسی دن بھی کارروائی سکون سے پورے دن نہیں چل سکی ہے۔ 

 

ٹیگس