ہماری لڑائی دہشت گردی کے خلاف ہے کشمیریوں کیخلاف نہیں: نریندرمودی
ہندوستان کے مختلف شہروں میں رہنے والے کشمیری طلبہ اور دیگرکشمیریوں پر ہونے والے مبینہ حملوں کے پس منظر میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہماری لڑائی دہشت گردی کے خلاف ہے کشمیریوں کیخلاف نہیں۔
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے بی جے پی کی سنکلپ ریلی سے خطاب میں کشمیریوں پر ہوئے حملوں اور حکومت پر کشمیریت کے خلاف کام کرنے کے الزامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں ساتھ دینے والے کشمیریوں کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری لڑائی کشمیر کے لئے ہے کشمیر اور کشمیریوں کے خلاف نہیں۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیری عوام بھی گذشتہ چالیس برس سے دہشت گردی کا شکار ہورہے ہیں، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنا ہے تو کشمیر کے لوگوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا، ان کے خلاف کھڑے ہونے کی غلطی نہیں کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ہندوستان کے عوام اور کشمیری مسلمانوں کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن انہوں نے یاد دلایا کہ بہت سارے مواقع پر مقامی مسلمانوں نے ہندوں کو بچایا ہے اور امرناتھ یاترا کے دوران ان کی حفاظت بھی کی ہے۔
ہندوستانی وزیر اعظم نے اس بات پر سخت افسوس کا اظہار کیا کہ پلوامہ دہشت گردانہ حملہ کے بعد کچھ ریاستوں میں کشمیری طلبہ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں ایسا نہیں ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کشمیر کا بچہ بچہ دہشت گردی کے خلاف ہمارے ساتھ ہے۔