ہندوستان کے وزیر اعظم کی جانب سے جموں و کشمیر پر نئی دہلی کے فیصلے کا دفاع
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر کے بارے میں نئی دہلی کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات کشمیری عوام کے حق میں عمل میں لائے گئے ہیں۔
اے پی ٹی این، ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایسی حالت میں کہ جموں و کشمیر کے بارے میں مودی حکومت کے ان اقدامات پر خود ہندوستان میں شدید احتجاج کیا جا رہا ہے اور جموں و کشمیر کی صورت حال بحرانی بنی ہوئی ہے، وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی حکومت کے تازہ اقدامات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان فیصلوں کے نتیجے میں کشمیری عوام کو اپنا نیا سیاسی دور شروع کرنے کا موقع ملے گا۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نے جموں و کشمیر کے بارے میں اپنے نئے فیصلے کا ایسی حالت میں دفاع کیا ہے کہ ہندوستان کی حزب اختلاف کی جماعتوں اور قانون دانوں نے اس فیصلے کو غیر آئینی قرار دیا ہے اور انھوں نے بی جے پی حکومت کے اس فیصلے کے نتائج پر سخت خبردار کیا ہے۔
واضح رہے کہ نئی دہلی کی موجودہ بی جے پی حکومت نے جموں و کشمیر کا خصوصی ریاست کا درجہ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔