Sep ۱۱, ۲۰۲۵ ۱۰:۲۲ Asia/Tehran
  • ایران اور مصر کے صدور کی ٹیلی فونی بات چیت؛ خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال

صدر مملکت نے بدھ کی شام اپنے مصری ہم منصب سے ٹیلی فونی گفتگو کے دوران قطر پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے عالم اسلام کی جانب سے متحدہ موقف اپنانے کا مطالبہ کیا۔

سحرنیوز/ایران: صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے گفتگـو کے دوران کہا کہ صیہونی حکومت کی حرکتوں سے ثابت ہوگیا ہے کہ یہ حکومت کسی بھی قاعدے قانون کی پابند نہیں ہے اور کسی بھی وقت کسی بھی ملک کو جارحیت کا نشانہ بنا سکتی ہے۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ ایسے حالات میں عالم اسلام کی جانب سے متحدہ اور مستحکم موقف اپنانے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں بچتا۔ صدر پزشکیان نے کہا کہ امت اسلامیہ کو قرآن کریم کے احکام اور رسول اکرم (ص) کی تعلیمات کے مطابق عمل کرتے ہوئے متحد اور یکجہت ہوجانا چاہیے تا کہ صیہونی حکومت اور اس جیسوں کو لگام دے سکے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں آمنے سامنے بیٹھ کر عالم اسلام کو تقویت پہنچانے کا موقع فراہم ہوسکے۔ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے بھی اس گفتگو پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان حاصل ہونے والی مفاہمت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقے کے استحکام، امن و سلامتی کے لیے نیک نیت رکھتا ہے۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ علاقے کے ممالک بھی ذہانت اور تدبیر پر مبنی ایران کے رویے سے مطمئن ہیں اور سب اس بات کے قائل ہیں کہ ایران کے ایٹمی پروگرام کا کوئی بھی فوجی راہ حل پایا نہیں جاتا۔ مصر کے صدر نے بھی صیہونی حکومت کے جارحانہ اور تسلط پسندانہ رویہ کے مقابلے کے لیے متحدہ اور قطعی موقف اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ٹیگس