Aug ۲۷, ۲۰۲۵ ۱۵:۳۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان : کشمیر میں سیلاب کا سلسلہ جاری

ہندوستان کے زیرانتظام جموں کشمیر میں ویشنودیوی مندر کے راستے میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں درجنوں یاتری ہلاک اور زخمی ہوگئے

سحرنیوز/ہندوستان:  ہندوستانی میڈیا کے مطابق جموں و کشمیر میں جاری طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔

کٹرہ کے قریب ویشنو دیوی مند کی یاترا کے راستے پر بدھ کو خوفناک لینڈ سلائیڈ کے نتیجے میں کم از کم تینتیس یاتری ہلاک اور تیئیس زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق تریکوٹا پہاڑی کے قریب ملبے کا بڑا حصہ راستے پر گرنے سے کئی لوگ دب گئے۔

زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، جموں و کشمیر پولیس اور فوج کی مشترکہ ٹیمیں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ شدید بارش اور پھسلن کے باعث امدادی کام میں دشواری پیش آ رہی ہے۔

حادثے کے بعد یاترا عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جموں خطے میں شدید بارش نے نشیبی علاقوں میں تباہی مچا دی۔

مسلسل بارش کے باعث دریا اور نالے ابل پڑے، متعدد پل اور سڑکیں بہہ گئیں، بجلی کے کھمبے اور موبائل ٹاور شدید متاثر ہوئے۔

کئی علاقوں میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہے اور ہزاروں لوگ رابطے سے محروم ہیں۔

ٹیگس