کشمیر ہندوستان کا اندرونی معاملہ ہے، راج ناتھ سنگھ
Aug ۲۲, ۲۰۱۹ ۱۵:۳۴ Asia/Tehran
ہندوستان کے وزیردفاع نے ایک بار پھر اپنے ملک کے اس موقف کا اعادہ کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر ہندوستان کا اندرونی معاملہ ہے۔
اپنے امریکی ہم منصب مارک ایسپر سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے ہندوستان کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے دعوی کیا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے سے متعلق مودی حکومت کے فیصلے سے علاقے کی اقتصادی صورتحال میں بہتری آئے گی۔
راج ناتھ سنگھ اور مارک ایسپر کے درمیان یہ مکالمہ، ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت کے محض ایک دن کے بعد انجام پایا ہے۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نے پانچ اگست کو جموں کشمیر کی خصوصی حثیت ختم کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا تھا۔
نئی دہلی حکومت نے جموں کشمیر کو خصوصی اختیارات دینے والی آئین کی دفعہ تین سو ستر اور آرٹیکل پینتیس اے کے خاتمے کے بعد، عوامی اعتراضات کو روکنے کے لیے، اس علاقے میں اسکول اور یونیورسٹیاں بند اور ٹیلی فون و نیٹ سروسز معطل کردی ہے۔
ہندوستانی آئین کے آرٹیکل پینتیس اے کے تحت، غیر کشمیریوں کو اس علاقے میں غیر منقولہ جائداد خریدنے کی اجازت نہیں تھی اور وہی شخص کشمیری شہری کہلانے کا حق دار تھا جو انیس سو چوّن سے قبل اس علاقے میں آباد ہو یا دس سال سے مسلسل یہاں سکونت پذیر رہا ہو۔