نیپال میں اقتدار فوج کے ہاتھوں میں
نیپال میں تشدد اور بدامنی بڑھنے کے بعد اقتدار فوج نے اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے
سحرنیوز/دنیا: نیپال میں فوج نے اقتدار اپنے ہاتھ میں لے کرپورے ملک میں ہائی الرٹ کا اعلان کردیا ہے۔
فوج نے اسی کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ عبوری حکومت کے لئے نئے چہرے کی تلاش جاری ہے۔
یہ ایسی حالت میں دارالحکومت کاٹھ منڈو میں جلاؤ گھراؤ، توڑپھوڑ اور تشدد کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہا ۔
نیپال میں ہنگامہ اس وقت شروع ہوا جب حکومت نے سوشل میڈيا پر پابندی لگادی جس پر طلبا نے احتجاج اور مظاہرے شروع کردیئے جو دیکھتے ہی دکھتے عوامی اشتعال میں تبدیل ہوگئے ۔
اس دوران مشتعل عوامی ہجوم نے پارلیمنٹ ہاؤس، وزیروں کے مکانات اور سرکاری عمارتوں کو آگ لگادی ۔ مشتعل ہجوم نے کئی جیلوں پر بھی دھاوا بول دیا اور بڑی تعداد میں قیدیوں کو آزاد کرالیا۔
بتایا گیا ہے کہ صرف للت پور جیل سے ڈیڑھ ہزار کے قریب قیدی فرار ہوگئے ہیں ۔
پر تشدد مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف سیکورٹی دستوں کی کارروائیوں کے دوران متعدد افراد کی ہلاکت نے جلتی پر تیل کا کام کیا اور حالات حکومت کے قابو سے باہر ہوگئے۔
نیپال میں تشدد اور سیکورٹی دستوں کی کارروائیوں میں درجنوں افراد کی ہلاکت اور سیکڑوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔